ایران و پاکستان اٹوٹ بندھن میں جڑے ہیں، عمران خان


ایران و پاکستان اٹوٹ بندھن میں جڑے ہیں، عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے ایران میں پاکستان کا جشن آزادی بھرپور انداز سے منانے پر ایرانی سپریم لیڈر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسلام فوبیا کا مقابلہ کرنے کےلئے مسلمان ملکوں کو یک زبان ہونے کی ضرورت ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے دورے پر آئے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف سے ملاقات میں عمران خان نےکشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت پر ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان اٹوٹ تاریخی، مذہبی اورثقافتی بندھن میں بندھے ہیں،دونوں ممالک باہمی تعلقات کو پختہ کریں گے ،علاقے میں امن و استحکام کےلئے مل کر کام کریں گے۔

جواد ظریف نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر ایرانی عوام اور قیادت کی طرف سے عمران خان تک مبارک باد کا پیغام پہنچایا اور انہیں ایشیائی تعاون ڈائیلاگ سمٹ میں شرکت کا دعوت نامہ بھی دیا ۔

اس موقع پر عمران خان نے ایرانی صدر روحانی سے اپنی ٹیلیفونک گفتگو کا حوالہ بھی دیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد میں ایران کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات پختہ کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور ایران رابطے بڑھا کر خطے میں ترقی و خوشحالی کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان کی شدید مذمت اور احتجاج کے بعد گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کی منسوخی کا حوالہ بھی دیااور کہا کہ اسلام فوبیا کا مقابلہ کرنے کے لیے مسلمان ملکوں کو یک زبان ہونے کی ضرورت ہے، حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت اور احترام ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔ کسی کو بھی حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری