طاہرہ صفدر نے پاکستانی ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس کی حیثیت سےحلف اٹھالیا


طاہرہ صفدر نے پاکستانی ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس کی حیثیت سےحلف اٹھالیا

جسٹس طاہرہ صفدر نے بلوچستان ہائیکورٹ کی چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اُٹھالیا، جس کے بعد انہیں ملکی تاریخ کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہونے کا اعزاز حاصل ہوگیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،نومنتخب چیف جسٹس طاہرہ صفدر کی تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس کوئٹہ میں منعقد ہوئی جہاں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے اُن سے حلف لیا۔

 بلوچستان ہائی کورٹ کی چیف جسٹس کے لیے جسٹس طاہرہ کی نامزدگی کی تصدیق چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے رواں برس جولائی میں کی تھی۔

اس سے قبل جسٹس نور محمد خان اچکزئی بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے، جن کے عہدے کی مدت گذشتہ روز ختم ہوئی۔  

جسٹس طاہرہ صفدر نے بلوچستان یونیورسٹی سے اردو ادب میں ماسٹرز کر رکھا ہے جبکہ انہوں نے لاء کالج کوئٹہ سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔

وہ 7 ستمبر 2009 کو بلوچستان ہائی کورٹ کی جج مقرر ہوئی تھیں۔

بلوچستان ہائیکورٹ کی ویب سائٹ کے مطابق جسٹس طاہرہ صفدر نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری