پاکستان میں پانی کا شدید بحران، بیرون ملک پاکستانیوں سے مدد کی اپیل

قومی کمیشن برائے انسانی حقوق نے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں پانی کی صورتحال انتہائی خطر ناک ہے، وزیراعظم عمران خان نے سمندرپار مقیم اہل وطن سے مدد کی اپیل ہے۔

پاکستان میں پانی کا شدید بحران، بیرون ملک پاکستانیوں سے مدد کی اپیل

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، قومی کمیشن کے مطابق اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کی حالیہ رپورٹ میں بھی کہا گیا ہے کہ پانی کی صورتحال خطرناک ہونے کے باوجود اس سے نمٹنے کیلئے اقدامات ناکافی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پانی کی دستیابی میں سالانہ 14.2فیصداضافہ نہیں ہو رہا جس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ ملک2025میں پانی کی ضروریات پوری نہیں کرسکے گا۔
ممبر کمیشن چوہدری محمد شفیق کی سربراہی میں قائم کمیٹی کی جانب سے دنیا کے دیگر ممالک امریکہ ،کینیڈا، بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ میں پانی کی مینجمنٹ کے نظاموں کا تقابلی جائزہ لیتے ہوئے رپورٹ مرتب کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے ملکی ضرورت کیلئے پانی کی سٹوریج کی صلاحیت120روز سے کم ہوکر صرف30روزتک پہنچ چکی ہے۔
کمیشن نے رپورٹ میںکہا ہے کہ یہ بات قابل تشویش ہے کہ 1990کے مقابلے میں پانی کی دستیابی806کیوبک میٹرفی کس کمی ہوئی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک پاکستانیوں سے ڈیم فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور یورپ میں مقیم ہر پاکستانی ایک ہزار ڈالر یا اس سے زائد رقم بھیجیں۔
قوم کے نام پیغام میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دو ہفتوں سے قومی مسائل پر بریفنگ لے رہا ہوں اور میں نے وعدہ کیا تھا کہ قوم کے سامنے ملک کے تمام معاملات سامنے لے کر آؤں گا، 10 سال پہلے پاکستان پر 6 ہزار ارب قرضہ تھا اور آج 30 ہزار ارب پر پہنچ گیا ہے، گردشی قرضوں کا بھی معاملہ ہے لیکن ملک کو درپیش سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے، ہمیں پانی کی قلت کا سامنا ہے، ڈیم بنانا ناگزیر ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے پاس صرف 30 دن کے لیے پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے اور آج پانی کم ہوکر فی کس 1000 کیوسک رہ گیا ہے، اگر ہم نے ابھی بھی ڈیم بنانا شروع نہیں کیے تو اپنی نسلوں کے لیے مسائل کا پہاڑ چھوڑ کر جائیں گے، ماہرین کہتے ہیں اگر ہم نے ڈیم نہ بنائے تو ملک میں خشک سالی اور قحط پڑنے کا خدشہ ہوگا۔
عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ ڈیم بنانے میں حکومت کی مدد کریں، امریکا اور یورپ میں مقیم ہر پاکستانی ایک ہزار ڈالر یا اس سے زائد رقم بھیجیں، یقین دلاتا ہوں آپ کا سارا پیسا ڈیمز کے لیے استعمال ہوگا اور قوم کے پیسے کی خود حفاظت کروں گا جب کہ ہمیں اپنے وسائل سے ہی ڈیمز بنانے ہیں کیوں کہ باہر سے کوئی قرض نہیں دے گا لہذا اوورسیز پاکستانی کسی بھی ملک میں ہیں، وہ جتنا پیسہ بھیج سکیں پاکستان بھیجیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانی کردار ادا کریں تو 5 سال میں ڈیم بن سکتا ہے، نیلم جہلم پراجیکٹ میں بھی صرف پیسے نہ ہونے کے باعث دیر ہوئی، ہمارے زرمبادلہ ذخائر میں کمی ہے اور پاکستان کو اس وقت ڈالرز چاہیے۔

مربوط خبریں
سب سے زیادہ دیکھی گئی پاکستان خبریں
اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری