صدر مملکت عارف علوی نے 13ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھالیا


صدر مملکت عارف علوی نے 13ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھالیا

ایوان صدر میں منعقدہ تقریب کے دوران چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے صدر مملکت عارف علوی سے حلف لیا۔

تسنیم خبررساں ادارے نےترجمان ایوان صدر کے حوالے سے بتایا ہے کہ  حلف اٹھانے کے بعد صدر مملکت نے حلف نامے پر دستخط کیے جس کے ساتھ ہی ممنون حسین کی پانچ سالہ مدت صدارت ختم ہوگئی۔

نومنتخب صدر کی تقریب حلف برداری کے آغاز میں قومی ترانے کی دھن بجائی گئی، جس پر تمام شرکاء بصد احترام کھڑے ہوئے، جس کے بعد تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔

تقریب حلف برداری میں وزیراعظم عمران خان، چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل زبیر محمود حیات نے شرکت کی۔

تقریب میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو، گورنر سندھ عمران اسماعیل، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان بھی شریک تھے۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر عارف علوی 4 ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں بھاری اکثریت میں ووٹ حاصل کر کے ملک کے آئندہ صدر کی حیثیت سے منتخب ہوئے تھے۔

نو منتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی نے زمانہ طالب علمی سے سیاست میں حصہ لینا شروع کیا اور 1996 میں پاکستان تحریک انصاف کی بنیاد رکھنے والوں میں شامل تھے

پیشے کے اعتبار سے نو منتخب صدر ڈینٹسٹ ہیں جو پہلی بار 2013 کے انتخابات میں کراچی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

دوسری جانب سبکدوش ہونے والے صدر مملکت ممنون حسین کو مدت صدارت ختم ہونے پر گزشتہ روز الوداعی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، سابق صدر نے گارڈ آف آنر کے بعد ایوان صدر کے ملازمین سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور پھر ممنون حسین ایوان صدر سے روانہ ہوئے۔

اس موقع پر صدر ممنون حسین نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ آئین وقانون کی پاسداری اور اچھی حکمرانی میں ہی وطنِ عزیز کی ترقی اور خوشحالی پوشیدہ ہے۔

ممنون حسین نے کہا کہ وہ عہدہ صدارت چھوڑتے وقت اس بات پر مطمئن ہیں کہ انہوں نے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور اپنے اختیارات اور آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کیا۔

صدر ممنون حسین نے ایوانِ صدر کے عملے کا شکریہ ادا کیا، جن کے تعاون سے وہ اپنی سرکاری ذمہ داریاں احسن انداز میں پوری کر پائے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری