سی پیک سے متعلق برطانوی اخبار کی رپورٹ من گھڑت اور بے بنیاد ہے، چین

چین نے سی پیک سے متعلق برطانوی اخبار کی رپورٹ کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دے کر مسترد کردیا ہے۔

سی پیک سے متعلق برطانوی اخبار کی رپورٹ من گھڑت اور بے بنیاد ہے، چین

 تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، چین نے برطانوی اخبار کی پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سے متعلق رپورٹ کو من گھڑت اور جھوٹ پر مبنی قرار دے کر مسترد کردیا ہے۔

 چینی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ مضمون منفی عزائم کو سامنے رکھ کر بنایا گیا۔

چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک کی رفتار بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے، منصوبے پر مشاورت پاکستان کی معاشی اور سماجی ترجیحات کے مطابق ہو گی۔

واضح رہے کہ برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے اپنے مضمون میں دعویٰ کیا تھا کہ نئی پاکستانی حکومت سی پیک معاہدے پر نظرِ ثانی پر غور کر رہی ہے، رپورٹ میں مشیرِ تجارت عبدالرزاق داؤد کے انٹرویو کا حوالہ دیا گیا تھا۔

رپورٹ میں مبینہ طور پر عبدالرزاق داؤد کے بیان کا حوالیہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ سابق حکومت نے تیاری کے بغیر مذاکرات اور معاہدے کر کے چین کو بہت فائدہ پہنچایا۔ چینی کمپنیوں کو ٹیکس میں رعایت اور دیگر مراعات سے پاکستانی کمپنیاں نقصان میں ہیں اور منصوبوں پر ایک سال کے لیے عمل روک دینا چاہیے۔

ادھر عبدالرزاق داؤد نے بھی برطانوی میڈیا کی رپورٹ کی تردید کر دی ہے اور وضاحتی بیان میں وزیرِاعظم کے مشیر نے کہا کہ ان کے انٹرویو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر چلایا گیا۔

دوسری طرف دفترِ خارجہ کے جاری اعلامیہ میں بھی دو ٹوک انداز میں کہا گیا ہے کہ چینی وزیرِ خارجہ سے ملاقاتوں میں پاکستانی قیادت نے واضح کیا کہ سی پیک حکومت کی قومی ترجیح ہے۔

اعلامیہ کے مطابق سی پیک کے مستقبل کے حوالے سے پاکستان اور چین کے درمیان مکمل اتفاق رائے ہے۔ پاکستان اور چین نے سی پیک کو تعاون کے نئے شعبوں تک پھیلانے پر اتفاق کیا۔

سب سے زیادہ دیکھی گئی پاکستان خبریں
اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری