حضرت امام حسین(ع) غیروں کی نظر میں


حضرت امام حسین(ع) غیروں کی نظر میں

نواسۂ رسولؐ، جگرگوشۂ بتول(س)، فرزند مرتضیٰ (ع)، امام حسین(ع) کو صرف مسلمانوں کے لیے محدود کرنا حسینیت پر سراسر ظلم کے مترادف ہے کیونکہ حسین(ع) کے سامنے نہ صرف مسلمانوں کی بلکہ پوری انسانیت کی فلاح کا ہدف تھا۔

تسنیم نیوز ایجنسی:

چند غیر مسلم معروف شاعروں‘ دانشوروں اور مفکروں کا اظہار عقیدت مختصراً آپ کی خدمت میں پیش کیے دیتے ہیں۔

خواجہ معین الدین چشتی:

حسین(ع)  صرف ایک شخصیت کا نام نہیں ہے بلکہ ایک نظریے کا نام ہے‘ ایک اصول اور ایک نظامِ حیات کا نام ہے۔ حسینیت امن و سلامتی اور حق کی علامت ہے۔ حسینیت دینِ فطرت اور انسانیت کی اساس ہے‘ بقول خواجہ معین الدین چشتیؒ: شاہ است حسین(ع) بادشاہ است حسین(ع)  دین است حسین(ع) دین پناہ است حسین(ع) سرداد نہ داد دست در دست یزید حقا کہ بنائے لا الہ است حسین(ع) 

مشہورافسانہ نگار منشی پریم چند:

مشہورافسانہ نگار منشی پریم چند لکھتے ہیں:’’معرکہ کربلا دنیا کی تاریخ میں پہلی آواز ہے اور شاید آخری بھی ہو جو مظلوموں کی حمایت میں بلند ہوئی اور اس کی صدائے بازگشت آج تک فضائے عالم میں گونج رہی ہے‘‘۔

معروف ہندو شاعر رام پرکاش ساحر :

  ہے حق و صداقت مرا مسلک /ساحر ہندو بھی ہوں شبیر کا شیدائی بھی_

جی بی ایڈورڈ :

تاریخ اسلام میں ایک باکمال ہیرو کا نام نظر آتا ہے جس کو حسین(ع) کہا جاتا ہے۔ یہ محمدؐ کا نواسہ‘علیؓو فاطمہؓ کا بیٹا‘ لاتعداد صفات و اوصاف کا مالک ہے جس کے عظیم‘ اعلیٰ کردار نے اسلا م کو زندہ کیا اور دین خدا میں نئی روح ڈال دی۔ حق تو یہ ہے کہ اسلام کا یہ بہادر میدانِ کربلا میں شجاعت کے جوہر نہ دکھاتا اور ایک پلید و لعین حکمران کی اطاعت قبول کرلیتا تو آج محمدؐ کے دین کا نقشہ کچھ اور نظر آتا‘ وہ کبھی اس طرح کہ نہ تو قرآن ہوتا اور نہ اسلام ہوتا‘ نہ ایمان‘ نہ رحم و انصاف‘ نہ کرم و وفا بلکہ یوں کہنا چاہیے کہ انسانیت کا نشان تک دکھائی نہ دیتا۔ ہر جگہ وحشت و بربریت اور درندگی نظر آتی۔

 مہاراج یوربندسرنٹور سنگھ :

قربانیوں ہی کے ذریعے تہذیبوں کا ارتقا ہوتا ہے۔ امام حسین(ع)  کی قربانی نہ صرف مسلمانوں کے لیے بلکہ پوری انسانیت کے لیے ایک قابلِ فخر کارنامے کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے جان دے دی لیکن انسانیت کے رہنما اصولوں پر آنچ نہیں آنے دی۔ دنیا کی تاریخ میں اس کی دوسری مثال نہیں ملتی۔ حضرت امام حسین(ع) کی قربانی کے زیر قدم امن اور مسرت دوبارہ بنی نوع انسان کو حاصل ہوسکتی ہیں بشرطیکہ انسان ان کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کرے_

 سوامی شنکر اچاریہ :

   کہتے ہیں:’’اگر حسین(ع)  نہ ہوتے تو دنیا سے اسلام ختم ہوجاتا اور دنیا ہمیشہ کے لیے نیک بندوں سے خالی ہوجاتی۔ حسین سے بڑھ کر کوئی شہید نہیں‘‘۔

اہم ترین مقالات خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری