افغانستان کےجنوبی، شمالی اور مغربی علاقوں میں طالبان کے شدید حملے، متعدد ہلاک


افغانستان کےجنوبی، شمالی اور مغربی علاقوں میں طالبان کے شدید حملے، متعدد ہلاک

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کے صوبے'' سرپل''، ''بادغیس''، ''قندھار'' اور جنوبی صوبے'' فراہ'' میں طالبان نے افغان سیکیورٹی فورسز پر شدید حملے کیے ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، طالبان کے مسلح افراد نے ملک کے شمالی، جنوبی اور مغربی علاقوں میں سیکورٹی فورسز کے خلاف شدید حملے کرکے متعدد اہلکاروں کوہلاک یا زخمی کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق شمالی صوبے سرپل میں طالبان نے سیکیورٹی فورسز کے متعدد چک پوسٹوں پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک یا زخمی ہوگئے ہیں۔

طالبان کے مسلح افراد نے گزشتہ رات صوبہ قندھار کے علاقے «ناخونی» پر بھی حملے کئے تاہم جانی اورمالی نقصانات کے بارے میں کسی قسم کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

افغان ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبان نے مغربی صوبے فراہ کے مختلف چک پوسٹوں پر شدید حملوں کا آغاز کردیاہے۔

صوبہ فراہ کے «بالابلوک»، «شیبکوه» اور «پشترود» میں طالبان اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں، تاہم طالبان کا کہنا ہے کہ بالابلوک نامی علاقے پر قبضہ کرلیا ہے اور افغان فوج کے 4اہلکار ہلاک اور 2 زخمی ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ امریکا کی سربراہ میں دنیا کی طاقتور ترین افواج کے ہوتے ہوئے طالبان کے حملوں میں آئے روز اضافہ امریکی افغان پالیسی پر سوالیہ نشان ہے۔

دوسری طرف افغان فوج کا کہنا ہے کہ شمالی صوبہ بغلان کے علاقوں شش کاپی‘ لار خابی اورڈھنڈ شہاب الدین میں طالبان کیخلاف فوج نے زمینی وفضائی آپریشن کیا جس کے نتیجے میں کئی اہم کمانڈروں سمیت 36 طالبان جنگجو ہلاک اور 12 دیگر زخمی ہوگئے۔

افغان فوج کے مطابق ہلاک کیے جانے والے سینئر طالبان کمانڈروں میں قادر، قاری خالد، ملا ابراہیم، قاری ظاہر، غازی ملنگ اور ملا حدیفہ جلال آبادی شامل ہیں۔

 خیال رہے کہ طالبان نے اس ضمن میں کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری