شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اریٹیریا کے صدر اور ایتھوپیا کے وزیراعظم کو میڈل پہنائے


شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اریٹیریا کے صدر اور ایتھوپیا کے وزیراعظم کو میڈل پہنائے

شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر سرپرستی اتوار کو جدہ میں اریٹیریا کے صدر اسیاس افورقی اور ایتھوپیا کے وزیراعظم اے بی احمد علی نے امن معاہدے پر محمد بن سلمان کی موجودگی میں دستخط کر دیئے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،معاہدے پر دستخط کی تقریب میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ و عالمی تعاون شیخ عبداللہ بن زاید مہمانوں میں سرفہرست تھے۔ ایتھوپیا اور اریٹیریا برسہا برس سے ایک دوسرے کے دشمن بنے ہوئے تھے۔ گزشتہ صدی کے نویں عشرے کے اوائل میں ایتھوپیا سے اریٹیریا کی آزادی کے بعدسے دونوں ملکوں کے درمیان سخت عداوت چل رہی تھی۔

سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کی زیر قیادت سعودی سفارتکاروں نے دونوں ملکوں کے اختلافات ختم کرانے اور ان دونوں کے درمیان موجود خلیج پاٹنے میں انتہائی اہم کردارادا کیا۔ دونوں پڑوسی ملکوں کے تعلقات کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے والا تاریخی معاہدہ کرادیا۔ اس معاہدے کی بدولت پورے قرن افریقی میں امن و امان کا ماحول برپا ہوگا۔ دونوں ملکوں کے سربراہوں نے جولائی 2017ءکے دوران امن عزائم کے اعلامیہ پر دستخط کرکے سرحدی تنازع ختم کرنے ،

باہمی تعلقات کو معمول پر لانے او ر سفارتخانے جلد از جلد کھولنے ، دونوں ملکوں کے باشندوں کو سرحد پار آزادی سے ایک دوسرے کے یہاں آنے جانے او رشہری ہوابازی کی بحالی نیز براہ راست انٹرنیشنل ٹیلیفونک رابطے قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ایتھوپیا کو جو سمندری سرحد سے محروم ہے ایتھوپیا کی بندرگاہیں استعمال کرنے کی بھی اجازت دیدی گئی۔ دونوں ملکوں نے 20برس بعد پہلی بار ایک دوسرے کے لئے بری سرحدی راستے کھول دیئے۔ اس سے دونوں ملکوں میں تجارت کو فروغ ملے گا۔ ایتھوپیا اور اریٹیریا 1998ءاور 2000ءکے درمیان سرحدی جنگ لڑ چکے ہیں جس میں 80ہزار افراد ہلاک ہوئے۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب میں گورنر مکہ مکرمہ ، شاہی خاندان کے افراد ، سعودی عرب کے نمایاں وزراء، اقوام متحدہ میں متعین سعودی سفیر ، ایتھوپیا میں سعودی سفیر، اریٹیریا میں سعودی ناظم الامور او ر دونوں رہنماﺅں کے ہمراہ آئے ہوئے وفود بھی موجود تھے۔

شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اس موقع پر اریٹیریا کے صدر اور ایتھوپیا کے وزیراعظم کو شاہ عبدالعزیز میڈل پہنائے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری