وزیراعظم عمران خان کی سعودی فرماں روا سے ملاقات، دورہ پاکستان کی دعوت


وزیراعظم عمران خان کی سعودی فرماں روا سے ملاقات، دورہ پاکستان کی دعوت

وزیراعظم عمران خان نے جدہ میں سعودی فرماں روا سمیت دیگر حکام سے ملاقات کیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وزیراعظم عمران خان اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر گزشتہ روز سعودی عرب پہنچے تھے اور پہلے روز مدینہ منورہ میں گزارا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے سعودی فرماں روا شاہ سلمان سے ملاقات کی اور اس موقع پر باہمی دلچسپی کےامور اور دوطرفہ تعلقات پرتبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعلقات کے امور پر بات چیت ہوئی۔

سعودی عرب کے شہر جدہ میں شاہی محل پہنچنے پر سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے خود وزیر اعظم عمران خان کا استقبال کیا، محل میں پہنچنے پر وزیراعظم کو گارڈ آف آنر بھی دیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں سعودی فرماں روا نے شاہی محل میں عشائیہ دیا جہاں وزیراعظم نےسعودی قیادت سے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کےمسائل کامعاملہ اٹھایا۔

وزیر اعظم عمران خان نے سعودی فرماں روا اور ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔

وزیراعظم عمران خان دورہ سعودی عرب کےاختتام پر جدہ سے روانہ ہوئے اور سعودی وزیر اطلاعات عواد صالح نے وزیر اعظم عمران خان کو شاہ عبدالعزیز ہوائی اڈے سے رخصت کیا۔

میئر جدہ شہزادہ مشعل بن ماجدبن عبدالعزیز نے وزیر اعظم عمران خان کو الوداع کیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری