ملک بھرمیں یوم عاشور آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہاہے


ملک بھرمیں یوم عاشور آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہاہے

پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے اصحاب باوفا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں یوم عاشور آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، شہدائے کربلا کی یاد میں ملک بھر میں یوم عاشور انتہائی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

یوم عاشورا کے موقع پر ملک کے تمام شہروں میں جلوس برآمد کئے گئے ہیں جن کی سیکیورٹی کے لئے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، کراچی، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ اورپشاور سمیت دیگر شہروں میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے جب کہ موبائل فون سروس بھی معطل کی گئی ہے۔

 کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا ہے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کی گزرگاہوں پر منتظمین کی جانب سے پانی اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئی ہیں جب کہ جلوس کی سیکیورٹی کے لیے رینجرز اورپولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

 جلوس کی نگرانی کے لیے پولیس کی جانب سے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم بھی قائم کیا گیا جس میں خفیہ کیمروں کے ذریعے جلوس کی نگرانی کی جارہی ہے، اس کے علاوہ جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ حیدرآباد، نواب شاہ، میرپور خاص، سکھر سمیت سندھ کے دیگر چھوٹے اور بڑے شہروں سے بھی ماتمی جلوسوں کا سلسلہ شروع ہوا ہے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوں گے۔

یوم عاشور کے موقع پرلاہورسمیت پنجاب کے مختلف شہروں سے بھی ماتمی جلوس برآمد ہوئے ہیں، لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔

 بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھی یوم عاشور کی مناسبت سے ماتمی جلوسوں کا سلسلہ شروع ہوا ہے، کوئٹہ میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس عملدار روڈ سے برآمد ہوگا، جلوس کی سیکیورٹی کے پیش پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

 پشاور میں یوم عاشور کے موقع پرشہربھرسے چھوٹے بڑے ماتمی جلوس برآمد ہوں گے۔

 وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یوم عاشور کے موقع پر چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوں گے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوں گے اس موقع پر شہر بھر میں فون سروس بھی معطل کی گئی ہے۔

 گلگت بلتستان اورآزادکشمیرمیں یوم عاشورکی مناسبت سے جلوس برآمد ہوئے ہیں جو اپنے مقررہ راستوں ہوتے ہوئے رات 9 بجے تک اختتام پذیر ہونگے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری