وزیرخارجہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کیلئے واشنگٹن پہنچ گئے

واشنگٹن: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی طویل سفر کے بعد واشنگٹن پہنچ گئے ہیں۔

وزیرخارجہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کیلئے واشنگٹن پہنچ گئے

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایک روز واشنگٹن میں قیام کریں گے جس کے بعد وہ نیویارک روانہ ہوں گے جہاں وہ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی 73 واں اجلاس میں شرکت کریں گے۔

سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ گئی ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے علاوہ مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

اس دوران شاہ محمود قریشی کی امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

شاہ محمود قریشی 29 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے اور جنرل اسمبلی کے سامنے عالمی امور پر ملک کا مؤقف پیش کریں گے جب کہ کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم بھی دنیا کے سامنے رکھیں گے۔

اسی روز بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج بھی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گی۔

نیو یارک میں ہی بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقات بھی ہو نا تھی لیکن بھارت ہاں کر کے اگلے روز ہی مکر گیا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاک بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات کی تجویز پیش کی گئی تھی جسے بھارت نے قبول کر لیا تھا۔

دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان 27 ستمبر کو نیویارک میں ملاقات بھی طے پا گئی تھی، تاہم نئی دہلی کی جانب سے یہ ملاقات منسوخ کردی گئی۔

مربوط خبریں
سب سے زیادہ دیکھی گئی مشرق وسطی خبریں
اہم ترین مشرق وسطی خبریں
اہم ترین خبریں