سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو 10لاکھ کے مچلکے جمع کرانےکا حکم


سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو 10لاکھ کے مچلکے جمع کرانےکا حکم

احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو 10لاکھ کے مچلکے جمع کرانےکا حکم دے دیا

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،  اشتہاری مہم کا غیر قانونی ٹھیکہ دینے کے الزام پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف نیب ریفرنس پر سماعت ہوئی، احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے ریفرنس کی سماعت کی۔

عدالت میں یوسف رضا گیلانی نے کہا میں اس وقت وزیراعظم تھا، وزارت آئی ٹی کی تشہیر کےلیےاشتہارات کا ٹھیکہ دیا ، ٹھیکہ پیمرا رولز کے تحت دیا گیا تھا۔

یوسف رضا گیلانی نے حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی، جس میں کہا گیا سیکیورٹی وجوہات پر پیش نہیں ہو سکتا، 4 دیگر مقدمات میں کراچی میں بھی پیش ہو رہا ہوں۔

جس پر عدالت نے استثنیٰ کی درخواست پر نیب کونوٹس جاری کر دیا اور کہا وکیل نیب آئندہ سماعت پراستثنیٰ کی درخواست پر جواب جمع کرائیں۔

عدالت نے یوسف رضا گیلانی کو 10 لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا مچلکے حاضری یقینی بنانے کے لیے جمع کرائے جائیں۔

احتساب عدالت نے یوسف رضا گیلانی سمیت ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

احتساب عدالت نے نیب ریفرنس میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی، چیئرمین پیمرا محمد سلیم سمیت سات ملزمان کو آج پیش ہونے کا حکم دے رکھا تھا۔

یاد رہے قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف اپنے دور اقتدار میں اختیارات کے غلط استعمال کا ریفرنس درج کیا تھا۔

نیب حکام کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی نے یو ایس ایف (یونیورسل سروس فنڈ) سے تشہیری مہم چلانے کی ہدایت کی، سابق سیکریٹری آئی ٹی فاروق اعوان نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے تشہری مہم چلائی، ملزمان کے اقدام سے قومی خزانے کو 12 کروڑ روپے کا نقصان اُٹھانا پڑا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری