امریکا ڈالرلینے یا امداد کی بات کرنے نہیں آیا؛ شاہ محمود قریشی


امریکا ڈالرلینے یا امداد کی بات کرنے نہیں آیا؛ شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ وہ امریکا ڈالر لینے یا امداد کی بات کرنے نہیں آئے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، شاہ محمود قریشی نے امریکی ٹی وی فوکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا امریکہ ڈالر یا امداد کی بات کرنے نہیں آئے بلکہ پاکستان اور امریکا کے کشیدہ تعلقات میں بہتری کے لیے آئے ہیں جس کا فائدہ دونوں ملکوں کو ہوگا۔’ ہم کافی عرصے سے اتحادی رہے ہیں اور اب وقت ہے کہ مضبوط تعلقات کو دوبارہ اسے استوار کیا جائے۔ 
انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات میں شکیل آفریدی کے معاملے پر بات ہوسکتی ہے لیکن اس کا مستقبل سیاست سے نہیں عدالت سے جڑا ہے اس لیے جس طرح ہم امریکی قانون کا احترام کرتے ہیں، امریکا کو بھی ہمارے قانون کا احترام کرنا چاہیے۔
اسامہ بن لادن کی تلاش کیلئے امریکہ کی مدد کرنے والے شکیل آفریدی کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ شکیل آفریدی کا مستقبل سیاست سے نہیں بلکہ عدالت سے جڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بات چیت کے دروازے ہمیشہ ہی کھلے رہتے ہیں، شکیل آفریدی کو پاکستان میں غدار کی نظر سے دیکھا جاتا ہے جبکہ امریکہ اسے اپنا دوست سمجھتا ہے، اس لیے ہمیں اس خلا کو پر کرنا ہوگا۔
 انہوں نے مزید کہا ہمارا اپنا قانونی طریقہ ہے، شکیل آفریدی قانونی طریقوں سے گزرا، اسے فیئر ٹرائل کا موقع ملا جبکہ اسے اپیل کا حق بھی دیا گیا جس کے بعد اسے سزا دی گئی اور اب وہ اپنی سزا بھگت رہا ہے، ہم امریکہ سے امید کرتے ہیں کہ وہ پاکستان کے قانون کا اسی طرح احترام کرے گا جس طرح پاکستان اس کے قوانین کا کرتا ہے۔
انٹرویو کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس بات کا اعتراف کیا کہ پاک امریکہ تعلقات سرد مہری کا شکار ہیں اور ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد سے پاکستان سے مسلسل دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، لیکن یہ ناانصافی ہے کہ پڑوسی ملک افغانستان میں عدم استحکام کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرایا جائے۔
ان کا کہنا تھا، 'جب آپ مشکل میں ہوتے ہیں تو آپ قربانی کے بکرے تلاش کرتے ہیں۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ 'پاکستان، امریکا کی مدد اور معاونت کے لیے تیار ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ افغانستان میں امن اور استحکام ہمارے مفاد میں ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری