اقوام متحدہ کی عدالت کا امریکا کو ایران سے پابندیاں ہٹانے کا حکم


اقوام متحدہ کی عدالت کا امریکا کو ایران سے پابندیاں ہٹانے کا حکم

اقوام متحدہ کی عدالت نے امریکا کو ایران پر عائد بعض پابندیاں ختم کرنے کا حکم دے دیا۔

تسنیم نیوز کے مطابق اقوام متحدہ کی عدالت نے آج ( 3 اکتوبر ) کو اس کیس کے ابتدائی فیصلے میں کہا کہ امریکا ایران کو ادویات، طبی آلات ،خوراک اور زرعی مصنوعات اور جہاز کے پُرزوں کی فراہمی پر عائد پابندی کو ختم کرے۔

عالمی عدالت انصاف کے جج جسٹس عبدالقوی نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے سنہ انّیس سو پچپن کے معاہدے کی بنیاد پر دونوں ملکوں کے درمیان اختلاف کی صورت میں مسئلہ سفارتی طریقے سے حل نہ ہونے پر یہ ممالک بین الاقوامی عدالت سے رجوع کر سکتے ہیں اور اس رو سے  یہ عدالت اس کیس کی سماعت کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی کا فیصلہ اور پابندیوں کے نفاذ کا اعلان،  ایران امریکہ کے مذکورہ معاہدے کے تحت ایران کے حق کو نظرانداز کئے جانے کے مترادف ہے۔

جسٹس عبدالقوی نے ایران کی اس بات کو قبول کیا کہ امریکی پابندیوں سے ایران کے حقوق کی پامالی ہو گی جبکہ امریکہ کے اس دعوے کو ناکافی قرار دیا کہ وہ ایران کے خلاف پابندیوں سے انسانوں پر اثرات مرتب نہ ہونے دینے کی کوشش کر رہا ہے۔

 واضح رہے کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں برس مئی میں ایران کے ساتھ عالمی جوہری معاہدہ منسوخ کرنے کے بعد ایران پرمعاشی پابندیاں عائد کردی تھیں۔

بعد ازاں ایران نے امریکی معاشی پابندیوں کو عالمی عدالت انصاف میں چیلنج کیا تھا۔

گزشتہ ماہ اس مقدمے میں پہلے قانونی ردعمل میں امریکا نے اقوام متحدہ کے ججوں کوبتایا کہ انہیں ایران پر عائد جوہری معاملات سے متعلق پابندیوں کو معطل کرنے کا قانونی اختیار حاصل نہیں۔

 خیال رہے کہ رواں برس اگست میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جوہری معاہدے سے دستبرداری کے 3 ماہ بعد اسلامی جمہوریہ ایران پر دوبارہ معاشی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

 

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری