گلگت بلتستان میں گندم سبسڈی کا سلسلہ جاری رہے گا، اسد عمر


گلگت بلتستان میں گندم سبسڈی کا سلسلہ جاری رہے گا، اسد عمر

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں گندم سبسڈی کا سلسلہ بدستور جاری رہےگا، گندم سبسڈی ختم کرنے پر کوئی بھی تجویز زیر غور نہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسد نے اپوزیشن لیڈر محمد شفیع، رکن اسمبلی کاچو امتیاز اور تحریک انصاف کے رہنماء گلاب شاہ آصف سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا گلگت بلتستان میں گندم سبسڈی کا سلسلہ بدستور جاری رہےگا، گندم سبسڈی ختم کرنے پر کوئی بھی تجویز زیر غور نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ٹیکسز کے نفاذ کیلئے بھی کوئی لیٹر نہیں لکھا۔

اپوزیشن لیڈر کی قیادت میں وفد نے وزیر خزانہ اور وزیر مملکت حماد اظہر سے ملاقات کی اور سبسڈی کے ممکنہ خاتمے، ٹیکس کے نفاذ اور آئینی حقوق کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

 وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کیلئے سبسڈی کچھ بھی نہیں ہے کیونکہ گلگت بلتستان کے عوام کی خدمات بہت زیادہ ہیں، ہمیں ان کی محرومیوں کا احساس ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگ پاکستان سے محبت کرنے والے لوگ ہیں، تحریک انصاف کی حکومت گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کا مسئلہ بھی حل کریگی۔

 اسد عمر نے کہاکہ دنیا میں علیحدگی کی تحریکیں چلتی ہیں لیکن گلگت بلتستان واحد خطہ ہے جہاں پاکستان سے الحاق کی تحریک چلائی جارہی ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے وزیر خزانہ کو بتایا کہ سبسڈی کا معاملہ انتہائی حساس ہے، جس پر لوگ سڑکوں پر آتے ہیں، ماضی کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں لہذاء وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ اس معاملے پر سنجیدگی اختیار کرے اور عوام کے مسائل کو سمجھے۔ وزیر خزانہ اسد عمر نے یقین دہانی کرائی کہ سبسڈی کا کبھی خاتمہ نہیں ہوگا۔

 وفد کے مطالبے پر وزیر مملکت حماد اظہر نے سوست ڈرائی پورٹ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے جلد انکوائری بٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری