کوئی تبدیلی نہیں آئی، زائرین بدستور سرگرداں، تفتان میں 5000 زائرین پھنس گئے


کوئی تبدیلی نہیں آئی، زائرین بدستور سرگرداں، تفتان میں 5000 زائرین پھنس گئے

تفتان میں 5000 زائرین پھنس گئے ہیں، تبدیلی کے نام پر آنے والی حکومت بھی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے صدر ہادی عسکری اور سردار طارق احمد جعفری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عراق سے زیارت کرکے واپس آنے والے 5 ہزار سے زائد زائرین کو تفتان سے لانے کیلئے فوری سیکورٹی اور دیگر انتظامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے زیارت کیلئے عراق جانے والے زائرین واپسی پر گزشتہ کئی روز سے تفتان بارڈر پر پھنسے ہوئے ہیں اور انتظامیہ کی جانب سے انہیں واپس لانے کیلئے کوئی انتظامات نہیں کئے جارہے، جس سے زائرین سخت مشکلات کا شکار ہیں۔

حکومت اور انتظامیہ فوری طور ان زائرین کو واپس لانے کیلئے سیکورٹی اوردیگر انتظامات کرے بصورت دیگر تحریک نفاذ فقہ جعفریہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوگی۔

شیعہ علماء کونسل اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں نے بھی حکومت سے فوری طور پر زائرین کی مدد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

 مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے مرکزی میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہاہے کہ وزیر مملکت برائے داخلہ کی ہدایات کے باوجود تفتان بارڈر پر اب تک کوئی سہولت فراہم نہیں کی جاسکی ہیں،حکومت تفتان بارڈر پر پھنسے زائرین کو فوری نکالنے کے احکامات جاری کرے۔

شیعہ علماکونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کوئٹہ اور تفتان بارڈر پر ہزاروں زائرین کی آمد ورفت معطل کئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حکومت وانتظامیہ کی جانب سے جان بوجھ کر ایک منصوبہ بندی کے تحت زائرین کو آمدورفت کی سفری سہولیات میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں تاکہ زائرین کوکربلا جانے سے روکا جائے ۔علامہ عارف حسین واحدی کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت تسلسل کے ساتھ زائرین کو تنگ کرنے کے منفی ایجنڈے پر عمل پیراہے، جسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ تفتان بارڈر پر ہزاروں مرد خواتین بچے کھلے آسمان تلے کئی دنوں سے محصور ہیں،سرد موسم اور بنیادی طبی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے تین زائرین جان بحق ہوچکےہیں،صورتحال تشویشناک حد تک پہنچ چکی ہے اگر فوری انتظام نہ کیا گیا تو وبائی امراض کے پھیلنے اوراموات کا خطرہ ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کے واضح احکامات کے باوجود اب تک انتظامیہ زائرین کو سہولت پہنچانے میں ناکام رہی ہے ۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف نے فوری طور پر زائرین کے مسائل حل کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری