وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج ہوگا


وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج ہوگا

وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا، جس میں معاشی صورت حال کی بہتری کے اقدامات اور آئی ایم ایف سےرجوع کرنے کی حکمت عملی پر کابینہ کو اعتماد میں لیے جانے کا امکان ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک کی سیاسی، معاشی و اقتصادی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔

دوسری جانب اجلاس میں کرپٹ عناصر اور منی لانڈرنگ کے جرائم کی نشاندہی سے متعلق 'وسل بلور' کا مسودہ قانون پیش کیے جانے کا بھی امکان ہے۔

اجلاس کے دوران بعض افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے یا نکالنے سے متعلق بھی غور ہوگا اور اس حوالے سے متعلق پالیسی پر وزارت داخلہ بریفنگ دے گی۔

 وفاقی کابینہ چیئرمین نجکاری، چیئرمین پی آئی اے اور چیئرمین پاکستان بیت المال کی تقرری کی منظوری بھی دے گی جبکہ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کی تقرری کے رولز میں ترامیم منظوری کے لیے پیش ہوں گی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں یوریا کھاد درآمد کے لیے پیپرا رولز 35 میں نرمی کی سمری پیش کی جائے گی، جبکہ عطیہ کی جانے والی گاڑیوں کے لیے انکم ٹیکس اور سیلز کے آئی آر او میں چھوٹ کی سمری بھی پیش کیے جانے کاامکان ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری