دفتر نامکمل، زرتاج گل چارج لئے بغیر واپس


دفتر نامکمل، زرتاج گل چارج لئے بغیر واپس

وزیرمملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل چارج سنبھالنے کے لئے گئیں لیکن وہ وزارت آفس میں کچھ وقت رکنے کے بعد واپس چلی گئیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وزیرمملکت کا دفتر عمارت کی چوتھی منزل پر زیر تعمیر ہے ان کا دفتر ڈپٹی سیکرٹری ڈویلپمنٹ اور سیکشن افسر ڈویلپمنٹ کے دفاتر کو توڑ کر بنایا جارہا ہے۔ وزیر مملکت کے کمرے کی آرائش و تزئین آئندہ 2 روز میں مکمل ہوجائے گی جس کے بعد زرتاج گل چارج سنبھالیں گی اور وزرات کے بارے میں تفصیلاً بریفنگ لیں گی۔

واضح رہے کہ تاج گل کی اس اہم کامیابی میں ان کے شوہر اخوند ہمایوں کا بھی بہت بڑا کردار ہے جن کا خاندان سیاسی اثر و رسوخ رکھتا ہے ۔ شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے والدین کی 34 سالہ بیٹی نے اپنی تعلیم لاہور سے حاصل کی اور پھر تحریک انصاف میں بطور رضاکار شمولیت اختیار کی۔شادی کے بعد وہ اور ان کے شوہر عمران خان کے وژن کے حامی ہوگئے۔

انہوں نے پہلی مرتبہ 2013 میں ڈی جی خان سے الیکشن لڑا تاہم ہار گئیں۔ 2018 کے انتخابات میں عمران خان نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں سے 42 خواتین کو الیکشن لڑنے کا موقع دیا۔ گل ان ہی میں سے تھیں تاہم اس مرتبہ وہ جیت کے لیے پہلے سے بھی زیادہ پرعزم تھیں۔

25 جولائی کو قومی اسمبلی کی نشست این اے 191 (ڈیرہ غازی خان) سے زرتاج گل ن لیگ کے صفدر اویس خان لغاری کے مقابلے میں 25 ہزار زیادہ ووٹ لیکر فاتح قرار پائیں۔اس فتح کی متاثر کن بات یہ ہے کہ سابق وفاقی وزیر توانائی اویس خان لغاری اس حلقے سے تین مرتبہ کامیاب رہ چکے تھے۔ ان کے والد فاروق لغاری صدر پاکستان تھے۔زرتاج گل کی اس کامیابی کے پیچھے ان کے خاوندکی بھی بھرپور سپورٹ شامل تھی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری