پاکستانی زائرین کربلا کا پہلا قافلہ میرجاوه پہنچ گیا


پاکستانی زائرین کربلا کا پہلا قافلہ میرجاوه پہنچ گیا

چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام میں شرکت کے لیے پاکستانی زائرین کا پہلا قافلہ ایران پہنچ گیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام میں شرکت کے لیے پاکستان بھر سے زائرین تفتان کے راستے ایران پہنچنے کیلئے بے تاب ہیں اور کل اسی سلسلے میں 300مرد و خواتین اور بچوں پر مشتمل پہلا قافلہ ایران کے سرحدی شہر زاہدان پہنچا جہاں ایران کے غیور عوام نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ گزشتہ سال 50 ہزار کے قریب زائرین ایران کے راستے کربلا گئے تھے جبکہ اس سال 70 ہزار سے زائد پاکستانی زائرین زمینی راستے سے چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام میں شرکت کے لیے کربلا جائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق سات سے آٹھ ہزار زائرین کو آئندہ دو روز کے اندر امیگریشن ضابطے اور قانونی مراحل طے کرنے کے بعد پاکستان سے ایران میں داخل ہونے کی اجازت دے دی جائے گی۔

پاکستان میں متعین اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے کہا ہے کہ ایران کے سفارتی مراکز سے چہلم امام حسین علیہ السلام میں شرکت کے لیے جانے والے پاکستانیوں کو تیزی کے ساتھ ویزے جاری کر رہے ہیں۔

20 صفر چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام ہے اور دنیا بھر سے کروڑوں زائرین اربعین حسینی کے پیدل مارچ میں شرکت کرکے نواسہ رسول(ص)کا غم مناتے ہیں_

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری