پاکستانی ریسلر عنایت اللہ نے امریکی حریف کو شکست دے دی


پاکستانی ریسلر عنایت اللہ نے امریکی حریف کو شکست دے دی

پاکستانی ریسلر عنایت اللہ نے یوتھ اولمپکس میں امریکی ریسلر کو شکست دے دی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ارجنٹائن کے شہر بیونس آئرس میں جاری یوتھ اولمپکس میں پاکستانی ریسلر عنایت اللہ نے امریکی ریسلر کو شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیت لیا۔

پشاور سے تعلق رکھنے والے عنایت اللہ نے 65 کلو گرام کی کیٹگری میں یہ کامیابی حاصل کی۔

عنایت اللہ نے یوتھ اولمپکس کے ریسلنگ ایونٹ میں نیوزی لینڈ کے ریسلر کو 13-2 پوائنٹس سے شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

جہاں ان کا سامنا ورلڈ چیمپئن آذربائیجان کے ریسلر سے ہوا جس میں وہ 8 پوائنٹس سے ہار گئے۔

برانز میڈل میں انہوں نے امریکی ریسلر کے خلاف  شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 6-2 سے جیت کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ عنایت اللہ کے والد زاہد خان بھی دس سال تک چیمپئن رہے ہیں اور بھائی نعمت اللہ بھی ریسلنگ میں ملکی سطح کے مقابلوں میں اچھے نتائج دے رہے ہیں۔

عنایت اللہ نے اس میڈل کو ان تمام نوجوان ریسلرز کے نام کیا ہے جو اس کھیل میں ملک کا نام روشن کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ عنایت اللہ  اس سے قبل ورلڈ بیچ  جونیئر مقابلوں میں گولڈ اور 2016 میں بنکاک میں ایشین جونیئر ریسلنگ چیمپئن شپ میں سلور میڈل جیت چکے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری