سعودی عرب جمال خاشقجی کے قتل کے اعتراف پر آمادہ


سعودی عرب جمال خاشقجی کے قتل کے اعتراف پر آمادہ

امریکی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ سعودی حکام صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے اعتراف کی تیاری کررہےہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے بتایاہے کہ سعودی حکام صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے اعتراف کریں گے۔

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی فرماروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں پر سعودی عرب کا رد عمل سامنے آیا تھااور سعودی عرب نے خبردار کیا تھا کہ کسی قسم کی پابندیاں عائد کی گئیں تو اس سے بڑی جوابی کارروائی کی جائے گی ۔

دوسری طرف صحافی کے قریبی دوست کا کہنا ہے کہ جمال خاشقجی آل سعود کی کرپشن، بد عملیوں اور انتہا پسندوں کے ساتھ رابطوں کے بارے میں بہت کچھ جانتا تھا۔

واضح رہے واشنگٹن پوسٹ کے کالم نگار سعودی صحافی جمال خاشقجی 2 اکتوبر کو استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے گئے تھے جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ جمال خاشقجی اپنی ترک منگیتر سے شادی کے سلسلے میں دستاویزات کے حصول کے لیے قونصل خانے گئے تھے جس کے بعد وہ واپس نہیں آئے اور خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ انہیں قتل کردیا گیا ہے۔

صحافی کی گمشدگی کے معاملے پر امریکا اور سعودی عرب کے تعلقات میں بھی کشیدگی پیدا ہوگئی۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری