فیصل رضا عابدی کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے


فیصل رضا عابدی کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے

پاکستان کے مختلف شہروں میں سابق سینیٹر سینیٹر سید فیصل رضا عابدی کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وائس آف شہداء کے چیئرمین اور سابق سینیٹر سید فیصل رضا عابدی کی گرفتاری کے خلاف پاکستان کے مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

فیصل رضا عابدی کی گرفتار کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مجلس علمائے شیعہ پاکستان کے سربراہ علامہ مرزا یوسف حسین، آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے رہنما سہیل مرزا اور صغیرعابد نے مظاہرین کے عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا فیصل رضا عابدی کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

مظاہرین نے فیصل رضا عابدی کی گرفتاری کی مذمت اور رہائی کے مطالبات پر مبنی بینرز اور پلےکارڈز اٹھا رکھے تھے۔ مقررین اور احتجاجی مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فیصل رضا عابدی کو فی الفور رہا کیا جائے، ورنہ انصاف کا شور مچانے والی حکومت کو اس کا بھاری خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ فیصل رضا عابدی ایک محب وطن اور شہید پرور شخصیت ہیں، ان پر دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمے کا اندراج قابل مذمت ہے۔

ادھر کرم ایجنسی کی مذہبی تنظیموں نے فیصل رضا عابدی کی گرفتاری، یمن پر سعودی عرب کی بمباری، کوئٹہ اور تفتان میں پھنسے ہزاروں زائرین کی حالت زار نیز لاپتہ افراد کی بازیابی کے سلسلے میں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس کی اس موقع پر انہوں نے کہا کہ فیصل رضا عابدی کی بلا جواز گرفتاری کو پاراچنار سمیت پاکستان بھر کی ملت تشیع کسی صورت میں برداشت نہیں کرسکتی۔

ذمہ دار قوتیں واضح کریں کہ فیصل رضا نے وہ کونسا جرم کیا ہے، جس کی بنا پر انہیں پابند سلاسل کیا گیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری