افغانستان: پولنگ کے دوران دھماکے اور فائرنگ، متعدد شہری ہلاک یا زخمی


افغانستان: پولنگ کے دوران دھماکے اور فائرنگ، متعدد شہری ہلاک یا زخمی

افغانستان میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے دوران کابل میں پولنگ اسٹیشن کے قریب دھماکوں اور فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت متعدد افراد ہلاک یا زخمی ہوگئے

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، افغانستان میں آج پارلیمانی انتخابات کے دوران افغان شہری خراب حالات کے باوجود ملک بھر میں حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کابل میں پولنگ اسٹیشن کے قریب دھماکا ہوا ہے جبکہ دوسرا دھماکا ووٹ ڈالنے والے افراد کی قطار میں ہوا تھا جس کے نتیجے میں4 افراد زخمی ہوگئے۔

افغان خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ کابل میں دھماکوں کے ساتھ ساتھ صوبہ غور میں دہشت گردوں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔

افغان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ کابل اور صوبہ غور میں شدت پسندوں کے دہشت گردانہ حملوں کے بعد پولنگ اسٹیشنز پر تعنیات اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کرکے مزید 20 ہزار اہلکار تعینات کردئیے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان دفتر خارجہ کے ترجمان نجیب دانش کا کہنا تھا کہ افغانستان میں ہونے والے عام انتخابات کے دوران 32 صوبوں میں 20 ہزار پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ دوسرا بم انٹیلی جنس آفس کی گاڑی کے نیچے نصب تھا، ابھی تک کسی نے بھی دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز افغان حکومت نے صوبہ قندھار اور غزنی میں آج ہونے والے عام انتخابات کو پولیس کے آئی جی کی ہلاکت کے بعد ایک ہفتے کے لیے ملتوی کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا قندھار پولیس کے آئی جی جنرل عبدالرزاق کو ان کی حفاظت پر مامور سیکیورٹی اہلکار نے فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل افغان صوبے ہلمند میں بم دھماکے کے نتیجے میں انتخابی امیدوار عبدالجبار سمیت 3 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے تھے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری