امریکی حکومت نے جوہری ہتھیاروں میں اضافے کا اعلان کردیا


امریکی حکومت نے جوہری ہتھیاروں میں اضافے کا اعلان کردیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا روس اور چین پر دباؤ ڈالنے کے لیے اپنے جوہری ہتھیاروں میں اضافہ کرے گا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا اس وقت تک ہتھیار تیار کرتا رہے گا جب تک لوگ اپنے ہوش وحواس میں آجائیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر روس پرالزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس نے 1987 میں کیے جانے والے آئی این ایف معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔

دوسری جانب روس نے کہا کہ اگر امریکا نے مزید ہتھیار تیار کیے تو وہ بھی خاموشی سے نہیں بیٹھے گا۔

امریکا کی جانب سے روس سے جوہری معاہدہ ختم کرنے کے بعد امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن روس پہنچ گئے ہیں جہاں وہ روس کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

یاد رہے کہ 21 اکتوبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا روس کے ساتھ ایٹمی ہتھیاروں کے تاریخی معاہدے کو ختم کر رہا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ روس نے 1987 کے انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیئر فورسز (آئی این ایف) معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری