مشرقی افغانستان میں غیرملکی افواج کے خلاف مظاہرے


مشرقی افغانستان میں غیرملکی افواج کے خلاف مظاہرے

مشرقی افغانستان میں امریکی اور افغان فوج کے فضائی حملوں میں ہلاکتوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے صوبے ننگرہارکی مرکزی شہراہ بند کردی۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، افغانستان کے صوبے ننگرہار میں نیشنل سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 17 شہریوں کی ہلاکت پر اہل خانہ نے میتیں مرکزی شاہراہ پر رکھ کر احتجاج کیا۔

غیرملکی اور افغان فورسز نے گزشتہ شب ننگرہار صوبے کے ضلع رودات میں آپریشن کیا جس کے دوران بچوں اور خواتین سمیت 17 شہری جاں بحق ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک خاندان کے 7 افراد بھی شامل ہیں۔

گزشتہ شب غیرملکی اور افغان فورسز نے آپریشن کے دوران تین گھروں پر دھاوا بول دیا اوراندھا دھند فائرنگ کر کے 2 خواتین، 3 بچوں، 5 بزرگوں اور 2 مہمانوں کے علاوہ 3 نوجوانوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

لواحقین نے میتوں کو طورخم شاہراہ پر رکھ کر شدید احتجاج کیا جس کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوگئی۔ مقامی رہنماؤں نے سیکیورٹی فورسز کو غلط معلومات فراہم کرنے والے انٹیلی جنس اہلکاروں کو قانون کی گرفت میں لانے کا مطالبہ کیا۔

گورنر ننگرہار کے ترجمان عطااللہ خوگیانی نے میڈیا کو بتایا کہ ضلع رودات میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا تھا۔ شہریوں کے جانی نقصان کی اطلاعات پر تفتیشی ماہرین کو بھیجا گیا ہے جو تحقیقات مکمل کرکے گورنر کو رپورٹ پیش کریں گے۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری