پاکستانی چینلز پر بھارتی مواد دکھانے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی


پاکستانی چینلز پر بھارتی مواد دکھانے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی

سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستانی چینلز پر بھارتی مواد دکھانے پر مکمل پابندی عائد کردی۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں پاکستانی ٹی وی چینلز پر بھارت سمیت دیگر غیر ملکی مواد دکھانے کے معاملے کی سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بند کریں یہ بھارتی مواد، وہ ہمارا ڈیم بند کرا رہے ہیں تو ہم ان کے چینلز بھی بند نہ کریں؟

عدالت عظمیٰ نے غیر ملکی مواد دکھانے سے متعلق ہائی کورٹ کا حکم معطل کرتے ہوئے حکم دیا کہ چینلز پر صرف قابل اشاعت مواد دکھایا جائے۔

واضح رہے کہ جولائی 2017 میں لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان میں بھارتی فلمیں، ڈرامے اور آڈیو ویڈیو مواد دکھانے کی اجازت دیتے ہوئے پاکستان الیکٹرانک میڈیا اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے جاری کیا گیا بھارتی مواد پر پابندی کا اعلامیہ کالعدم قرار دے دیا تھا۔

ستمبر 2016 میں کشمیر میں اڑی کے مقام پر ہندوستانی فوجی کیمپ پر حملے کے بعد پاک-بھارت تعلقات کشیدہ ہونے کی وجہ سے پیمرا نے 19 اکتوبر 2016 کو ٹی وی چینلز پر بھارتی ڈراموں کی نشریات پر پابندی عائد کر دی تھی۔

پیمرا کا یہ فیصلہ انڈین فلم ایسوسی ایشن کی جانب سے پاکستانی فنکاروں پر بھارت میں کام کرنے پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد سامنے آیا تھا، اس کے علاوہ بھارت چینل 'زی زندگی' نے بھی پاکستان کے تمام ڈراموں کی نمائش بھارت میں روکنے کا اعلان کردیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں ٹی وی چینلز آزاد ہونے کی وجہ سے نوجوانوں پر شدید منفی اثرات پڑ رہے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری