عمان غاصب صہیونی ریاست کو تسلیم کرنے پر آمادہ


عمان غاصب صہیونی ریاست کو تسلیم کرنے پر آمادہ

خلیجی ریاست سلطنت عمان نے اسرائیلی ریاست کو تسلیم کرنے پر آمادگی ظاہر کردی۔

تسنیم نیوز نے بین الاقوامی ذرائع کے حوالےسے بتایاہے کہ خلیجی ریاست سلطنت عمان نے اسرائیلی ریاست کو تسلیم کرنے پر آمادگی کا اشارہ دیا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے جمعہ کے روز سلطان قابوس سے عمان میں ملاقات کی تھی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بحرین میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمان کے وزیر خارجہ یوسف بن علوی بن عبداللہ نے کہا کہ عمان اسرائیل اور فلسطین کو اکٹھا کرنے کی پیشکش کررہا ہے لیکن یہ کسی ثالث کے کردار کے طورپر نہیں ہے۔

وزیر خارجہ یوسف بن علوی بن عبداللہ نے کہا اسرائیل خطے میں ایک ریاست ہے اور یہ ہم سب سمجھتے ہیں جب کہ دنیا بھی اس حقیقت سے آشنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وقت ہے کہ اسرائیل کے ساتھ دیگر ریاستوں کی طرح پیش آیا جائے۔

دوسری طرف فلسطینی مزاحمتی تنظیم اسلامی جہاد کے ترجمان داود شہاب نے غاصب صہیونی حکومت کے وزیراعظم نیتن یاہوکے دورہ عمان پر سخت رد عمل دکھاتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے.

فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نیتن یاہو کا خفیہ دورہ عمان، فلسطینی مظلوم اور نہتے قوم کے قتل عام کے لیے نیتن یاہو کی حمایت کرنے کے مترادف ہے.

یاد رہے کہ ایران سمیت کئی ممالک نےصہیونی وزیراعظم کے دورہ عمان پر کڑی تنقید کی۔ صہیونی وزیراعظم نے چند روز قبل خفیہ طور پر عمان کا دورہ کیا تھا اور دورے کے اختتام کے بعد دورہ کئے جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری