پیپلز پارٹی کا سعودی عرب سےقرض اور گیس کے نرخ کے متعلق سینیٹ میں بحث کا مطالبہ


پیپلز پارٹی کا سعودی عرب سےقرض اور گیس کے نرخ کے متعلق سینیٹ میں بحث کا مطالبہ

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) نے گیس کے نرخ میں اضافے اور سعودی عرب سے قرض لینے کے حکومتی اقدامات اور پاکستان کی یمن جنگ میں ممکنہ مداخلت پر سینیٹ میں بحث کرنے کا مطالبہ کردیا۔

 تسنیم نیوز نے مقامی ذرائع کے حوالےسے بتایا ہے کہ شیری رحمٰن کی تحریک التوا میں کہا گیا کہ اس وقت ہماری حکومت اپنے پہلے سال میں داخل ہوگئی ہے، تو یہاں تین ایسے مسائل ہیں جن پر بات کرنے کی ضرورت ہے جن میں ایک ہماری معیشت، دوسرا بین الاقوامی امور میں ریاست کی سمت اور تیسرا گیس کے نرخ میں اضافہ ہے۔

شیری رحمٰن کی تحریک التوا میں کہنا تھا کہ بدقسمتی کے ساتھ پاکستان کے مستقبل پر اثر انداز ہونے والی پیشرفت سے متعلق ہونے والے اہم فیصلوں میں پارلیمنٹ کو ایک جانب کردیا گیا، لہٰذا ان مسائل کی ایوان میں وضاحت ہونی چاہیے۔

پی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں حکومت کی جانب سے قرض لینے، اس کی ادائیگی، ملک پر واجبات اور اس کے استعمال کے حوالے سے بات کی جائے گی۔

پاکستان کی مشرقِ وسطیٰ میں مداخلت پر شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ خطے میں پاکستان کی مداخلت بالخصوص یمن کےمعاملے میں اعلیٰ حکومتی سطح پر بات چیت جاری ہے، تاہم یمن میں مداخلت سے متعلق پاکستان کے کردار اور اس میں شامل ہونے کے لیے پاکستان کے ساتھ شرائط کو پارلیمنٹ میں بحث پر لایا جائے۔

شیری رحمٰن نے گیس کی قیمتوں کے حوالے سے کہا کہ گیس ہر شہری کی ایک بنیادی ضرورت ہے، تاہم حکومت پارلیمنٹ کو نظر انداز کرکے کس طرح گیس کے نرخ میں اضافہ کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ حکومت لوگوں کے کاندھوں سے بوجھ اتارنے کے وعدے کے ساتھ اقتدار میں آئی تھی لیکن اس کے برعکس نتائج سامنے آرہے ہیں اور یہ ہم نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے بھی ایسا ہی دیکھا ہے۔

پی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ یہ تمام معاملات عوام کے لیے بھی اہمیت کے حامل ہیں، پاکستان میں پارلیمنٹ کو سائیڈ لائن کرنے سے سنگین نتائج کی بڑی تاریخ ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پالیسی بنانے میں پارلیمنٹ عوام کی آواز ہے اور اس کے ساتھ ہی ایک مستحکم اور فعال جمہوریت اپنا کام کرتی ہے، لیکن یہاں یہ بات بہت تشویش ناک بات ہے کہ جو ایک عام معلومات ہے اس کے بارے میں بھی بار بار بتانا پڑ رہا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری