کراچی کےمختلف علاقوں میں تجاوزات ہٹادی گئیں، رونقیں بحال ہونا شروع


کراچی کےمختلف علاقوں میں تجاوزات ہٹادی گئیں، رونقیں بحال ہونا شروع

عدالت عالیہ کے احکامات اور میئرکراچی وسیم اختر کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات کے عملے نے نارتھ کراچی، شاہ فیصل کالونی، پی آئی بی کالونی اور یونیورسٹی روڈ نزد عسکری پارک فٹ پاتھ اور سڑک کے کناروں پر قائم تجاوزات بھاری مشینری کی مدد سے ہٹا دیں۔

 تسنیم نیوز کے مطابق سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات بشیر صدیقی کی زیر نگرانی ضلع وسطی، بارہ دری بس اسٹاپ، نارتھ کراچی میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے فٹ پاتھ پر بنے چبوترے، ہوٹل چھجے اور دیواریں مسمار کردیں جبکہ فٹ پاتھ پر رکھا ہوٹل کا سامان ضبط کرلیا گیا۔

ضلع کورنگی میں شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران فٹ پاتھ پر بنی دکانیں، چبوترے اور دیواریں مسمار کردی گئیں اور دکانوں کی حدود سے باہر نکلے ہوئے چھجے بھی گرادیے گئے، فٹ پاتھ پر لگائے گئے کھانے پینے کے اسٹال، فروٹ کے ٹھیلے، ہوٹل کی کرسیاں، میزیں،اور مرغی کے پنجرے ضبط کر لئے گئے، ضلع شرقی کے علاقے پی آئی بی کالونی اور یونیورسٹی روڈ نزد فیضان مدینہ اور عسکری پارک فٹ پاتھ پر قائم تمام تجاوزات کا خاتمہ کردیا گیا۔

اس موقع پر انسداد تجاوزات کے عملے اور سٹی وارڈنز کے ساتھ ساتھ علاقہ پولیس بھی موجود تھی، جبکہ مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائی میں ڈپٹی ڈائریکٹرز محمد یونس، مسرت علی، خالد اور ریحان صدیقی نے حصہ لیا۔

ضلع جنوبی میں صد ر ایمپریس مارکیٹ کے علاقے کو ماڈل علاقہ بنانے کیلئے یہاں بھی تجاوزات کے خلاف مہم جاری رکھتے ہوئے دکانداروں کو تنبیہ کی گئی کہ وہ اپنی دکانوں کے آگے فٹ پاتھ کلیئر کردیں اور کسی بھی جگہ سڑک کے کنارے یا فٹ پاتھ پر سامان نہ رکھا جائے۔

بصورت دیگر اسے ضبط کرلیا جائے گا، میئر کراچی وسیم اختر نے اس سلسلے میں انسداد تجاوزات کے عملے کو ہدایت کی ہے کہ جہاں بھی تجاوزات قائم کرکے فٹ پاتھوں اور دیگر جگہوں پر پیدل چلنے والوں کے لئے مشکلات پیدا کردی گئی ہیں اور ٹریفک کی روانی بھی ان کی وجہ سے متاثر ہورہی ہے ان تمام جگہوں پر فی الفور کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات ختم کردی جائیں۔

انہوں نے کاروباری برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ رضاکارانہ طورپر شہر کی مارکیٹوں اور مرکزی سڑکوں کے اطراف تجاوزات کے خاتمے میں تعاون کریں اور خود بھی اپنا سامان دکان کی حدود میں رکھیں تاکہ شہریوں کو دشواری نہ ہو اورسڑکوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری