شہدائے کربلا کا چہلم دنیا بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے


شہدائے کربلا کا چہلم دنیا بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے

پاکستان، ایران اورعراق سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں آج شہدائے کربلا کا چہلم آج انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان، ایران، عراق، کویت، سعودی عرب ، لبنان ، شام، آذربائیجان اور ہندوستان سمیت مختلف ملکوں میں آج شہدائے کربلا کا چہلم آج انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔

عراق کے شہرکربلائے معلیٰ میں پاکستان اور ایران سمیت دنیا بھر سے لاکھوں عزاداروں کا اجتماع موجود ہے۔

 پاکستان کے تمام چھوٹے بڑَے شہروں میں  کراچی، لاہور، پنڈی اور ملتان سمیت خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع میں جلوس نکالے جارہے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران میں  نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کا چہلم خاص مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے- اربعین حسینی کی مناسبت سے ایران کے مختلف علاقوں میں عزاداری اور سینہ زنی کا سلسلہ  جو گزشتہ رات سے ہی شروع ہوگیا تھا آج بھی جاری ہے ۔

اسلامی جمہوریہ ایران میں آج اربعین حسینی کے دن صبح سے ہی تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کی عزاداری کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

مساجد، امام باگارہوں اور دوسرے مقدس مقامات پر مجالس عزا کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ جہاں علمائے کرام اور ذاکرین عظام حضرت امام حسین علیہ السلام کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈال رہے ہیں اور آپ کے فضائل و مصائب بیان  کر رہے ہیں۔

 ایران کے تمام شہروں میں جلوس ہائے عزا برآمد  جا رہے ہیں۔ جن میں سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کے عزادار نوحہ خوانی اور سینہ زنی کر رہے ہیں۔

 مشہد مقدس میں نکالے جانے والے جلوس ہائے عزا حضرت امام رضا علیہ السلام کے روضہ اقدس اور قم المقدس میں نکالے جانے والے جلوس ہائے عزا حضرت فاطمہ معصومہ علیھا السلام کے روضے کی جانب بڑھ رہے ہیں جلوس ہائےعزا کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہے گا۔

پاکستان بھر میں جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں، کراچی کی ایم اے جناح روڈ کنٹینرز لگا کر بند کردی گئی ہے۔ لاہورمیں تعزیہ کا مرکزی جلوس اندرون شہر حویلی الف شاہ سے برآمد ہوگا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ اختتام پذیر ہو گا، جلوس کی سکیورٹی کے لئے 12 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔ 

کراچی، لاڑکانہ نوابشاہ سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہوگی۔

کراچی میں صدر اور اطراف کے علاقے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سرچ آپریشن کے دوران 10 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے ۔

دوسری جانب شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر سندھ بھر میں تمام نجی و سرکاری اسکول آج بند رہیں گے۔

مرکزی کنڑول روم سے سیکیورٹی امور پر نظر رکھی جائے گی جب کہ چہلم کے جلوسوں کی سکیورٹی کے پیش نظر آج (منگل) کو ملک کے چاروں صوبوں میں موبائل فون سروس صبح 9بجے سے رات 9بجے تک معطل رہے گی۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری