ایرانی وزیرخارجہ کی پاکستانی ہم منصب سے ملاقات، مغوی اہلکاروں کی بازیابی پر تبادلہ خیال


ایرانی وزیرخارجہ کی پاکستانی ہم منصب سے ملاقات، مغوی اہلکاروں کی بازیابی پر تبادلہ خیال

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، جس کے دوران مغوی سرحدی محافظین کی بازیابی سمیت خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کے درمیان دفتر خارجہ میں ہونے والی ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون بڑھانے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔
واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف آج علی الصبح سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے تھے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حکومت میں آنے کے بعد سے ایرانی وزیر خارجہ کا یہ دوسرا دورہ ہے ۔
اپنے دورے کے دوران ایرانی وزیر خارجہ وزیراعظم عمران خان سے بھی ملیں گے۔
ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات متوقع ہے۔
خیال رہے کہ 2 ہفتے قبل پاکستان کے صوبے بلوچستان سے متصل ایرانی سرحد پر تقریباً 12 محافظین کودہشت گردوں نے اغوا کرلیا تھا جبکہ اس کی ذمہ داری ’جیش العدل‘ نامی دہشت گرد تنظیم نے قبول کی تھی۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں نے محافظین کو اغوا کے بعد پاکستانی علاقے منتقل کردیا تھا۔
مذکورہ واقعے کے فوراً بعد ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف اور پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے درمیان فون پر گفتگو ہوئی تھی جس میں ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان سے سرحد پر سیکیورٹی میں اضافہ کرنے اور تعینات اہلکاروں کی تعداد بڑھانے سمیت دیگر اقدامات کرنے کی درخواست کی تھی۔
انہوں نے پاکستانی حکام پر زور دیا تھا کہ وہ دونوں ممالک کے مابین سمجھوتے کے تحت اغوا شدہ افراد کو بازیاب کروانے اور اس میں ملوث عسکریت پسندوں کو گرفتار کریں۔
دوسری جانب ایرانی فوج کے کمانڈر میجر جنرل محمد حسین بغیری نے بھی مذکورہ واقعے کے بعد جنرل قمر جاوید باجوہ سے گفتگوکی جس میں انہوں نے اغوا شدہ ایرانی اہلکاروں کی بازیابی کے لیے کی جانے والی کوششیں تیز کرنے پرزور دیا تھا۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری