پاکستان ٹیکسٹائل اور کھیلوں کا سامان برآمد کرنے والا دنیا کا اہم ملک ہے ، وزیراعظم


پاکستان ٹیکسٹائل اور کھیلوں کا سامان برآمد کرنے والا دنیا کا اہم ملک ہے ، وزیراعظم

وزیراعظم نے انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیکسٹائل اور کھیلوں کا سامان برآمد کرنے والا اہم ملک ہے جبکہ پاکستان سے طبی سامان کی برآمد بھی اہم ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے چین کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ عالمی برادری کے مشترکہ مفادات کی تشکیل کرتے ہوئے رابطے بڑھانے کا سبب بن رہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ مشرق وسطیٰ اور خلیجی ممالک کے درمیان رابطے بڑھانے کا باعث بنے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ملک میں احتساب اور شفافیت کا نظام رائج کرنا چاہتے ہیں۔

اس سے قبل چین کےصدر شی جن پنگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین دیگر ممالک کے ساتھ تجارتی فرق ختم کرنا چاہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گلوبلائزیشن نے جنگل کے قانون کا خاتمہ کر دیا ہے اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت نے دنیا میں انقلاب برپا کر رکھا ہے۔

شی جن پنگ کے مطابق دنیا بھر کے ممالک کو مشترکہ چیلنجز اور خطرات کا سامنا ہے ، جس کے لیے تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو مزید وسعت دی جائے گی اور تمام ممالک کے لیے چین کے دروازے مزید کھولے جائیں گے۔

چینی صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ درآمدات بڑھا کر عالمی برادری کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ نمائش میں وزیراعظم عمران خان اور روسی صدرولادی میر پیوٹن سمیت مختلف ممالک کی دیگر شخصیات شریک ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان 5 روزہ دورے پر یکم نومبر کو چین پہنچے تھے، وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد عمران خان کا چین کا یہ پہلا دورہ ہے۔

وہ اپنے دورے کے دوران چینی صدر اور وزیراعظم سمیت چینی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کے سربراہوں سے ملاقاتیں کرچکے ہیں۔

سب سے زیادہ دیکھی گئی پاکستان خبریں
اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری