صاف ستھرا پاکستان، ریلوے کا 15روزہ صفائی مہم چلانے کا اعلان


صاف ستھرا پاکستان، ریلوے کا 15روزہ صفائی مہم چلانے کا اعلان

کلین ریل اور کلین پاکستان کے عنوان سے محکمہ ریلوے نے 15روزہ صفائی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، کلین ریل، کلین پاکستان کے سلوگن کے ساتھ مذکورہ صفائی مہم آج سے شروع ہو کر18نومبر تک جاری رہے گی۔

صفائی مہم کے  دوران ریلوے کالونیوں اور سٹیشنوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے گا،اس ضمن میں چیف میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر پاکستان ریلوے کی جانب سے ملتان سمیت تمام ریلوے ڈویژنوں کے ڈی ایم اوزکو باقاعدہ ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق جاری مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ کلین ریل، کلین پاکستان مہم کے دوران سینٹری سٹاف کو متحرک رکھا جائے، سٹیشن کی حدود، پلیٹ فارمز، ٹریک اور سٹیشن ٹوائلٹ ہروقت صاف رکھے جائیں،اسی طرح ریلوے کالونیوں کی صفائی اور وہاں سے کوڑا کرکٹ بروقت اٹھانے کو بھی یقینی بنایا جائےگا۔

واضح رہے کہ ملک بھرمیں صفائی نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے مختلف قسم کی بیماریاں جنم لیتی ہیں اس کے علاوہ دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی کا سبب بھی ہے۔

خیال رہے کہ صدرپاکستان نے ملک کے اہم سیاسی راہنماؤں سے اپیل کی ہے کہ وہ صاف ستھرا اور سرسبز پاکستان تحریک کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری