حاکم دبئی کی دیوالی تہوار پر مودی کو ہندی زبان میں مبارک باد


حاکم دبئی کی دیوالی تہوار پر مودی کو ہندی زبان میں مبارک باد

متحدہ عرب امارات کے نائب صدر الشیخ محمد بن راشد ال مکتوم نے گزشتہ روز بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ہندی زبان میں دیوالی کے تہوار کی مبارک باد دی۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق محمد بن راشد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ٹویٹ ہندی اور دوسری انگریزی زبان میں کی جس میں انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور وہاں کی عوام کو امارات کی طرف سے دیوالی کی مبارک باد پیش کی۔

شیخ محمد بن راشد نے لکھا کہ ’میری تمنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم اور دیوالی کا تہوار منانے والے عوام کی خوشیاں دوبالا ہوں، امید ہے کہ دیوالی منانے والے محبت اور امید کی کرن ہم سب کے لیے روشن کریں گے۔‘

حاکم دبئی نے متحدہ عرب امارات کے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ متحدہ عرب امارات میں دیوالی کی تقریبات کی تصاویر ہیش ٹیگ یو اے ای دیوالی پر شیئر کریں۔

 دوسری جانب بهی ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے دبئی کے حکمران شیخ محمد راشد آل مکتوم کی دیوالی کے موقع پر ہندی میں لکھی گئی مبارکباد کی ٹویٹ کا جواب عربی میں لکھ کر دیا۔ مودی نے اپنی ٹویٹ میں شیخ محمد بن راشد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور امارات کے درمیان مستحکم تعلقات کو مزید فروغ مل رہا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں ہندو برادری 7 نومبر کو دیوالی کا تہوار مناتے ہیں جہاں وہ دن کے پہلے حصے میں مندروں میں مذہبی رسومات ادا کرتے ہیں، اس موقع پر نئے کپڑے خریدے جاتے ہیں اور لذیذ پکوان تیار کیے جاتے ہیں، لوگ ایک دوسرے ملتے ہیں اور دیوالی کی مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

بھارت میں دیوالی کو روشنیوں، نور اور سایہ کا تہوار قرار دیا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ اس موقع پر شمعیں بھی روشن کی جاتی ہیں۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری