غزہ پر صہیونی غاصب فوج کی بمباری سے مزید 3 فلسطینی شہید ہوگئے


غزہ پر صہیونی غاصب فوج کی بمباری سے مزید 3 فلسطینی شہید ہوگئے

غزہ: فلسطین کے علاقے غزہ میں صہیونی غاصب فوج کے لڑاکا طیاروں کی بمباری سے مزید 3 فلسطینی شہید ہوگئے۔

تسنیم خبررساں ادارے نے اے ایف پی کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے غزہ میں 3 فلسطینی شہید ہوگئے جس کے نتیجے میں دو روز میں شہدا کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔

 صہیونی فوج نے 8 مختلف مقامات پر بمباری کی اور سرکاری املاک کو نشانہ بنایا جس سے الاقصیٰ ٹی وی چینل کی بلڈنگ سمیت کئی عمارتیں تباہ ہوگئیں۔ اسرائیلی بمباری کے بعد الاقصیٰ ٹی وی کی نشریات بھی بند ہوگئی ہیں۔

فلسطینی مزاحمتی گروہوں نے اسرائیل کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے راکٹ حملے کیے جس میں دو اسرائیلی ہلاک اور 27 زخمی ہوگئے جن میں ایک فوجی بھی شامل ہے۔

غزہ سے اسرائیلی علاقوں پر 80 مارٹر گولے اور 120 راکٹ فائر کیے گئے۔ ایک راکٹ جنوبی اسرائیل کے شہر عسقلان میں ایک گھر پر گرا جس سے دو افراد ہلاک ہوگئے۔

غزہ کی حکمراں جماعت حماس نے اسرائیل پر مارٹر اور راکٹ حملوں کی ذمے داری قبول کرلی ہے۔ اسرائیل اور غزہ کے درمیان نیا تنازع 2014 کی جنگ کے بعد سے خونریز قرار دیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی اسرائیلی خفیہ اداروں نے غزہ میں آپریشن کرتے ہوئے حماس کے مقامی رہنما سمیت 7 فلسطینیوں کو شہید کردیا تھا۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری