ایرانی سفیرکی وزیراطلاعات فواد چوہدری سے ملاقات، پاک ایران تعلقات پر تبادلہ خیال


ایرانی سفیرکی وزیراطلاعات فواد چوہدری سے ملاقات، پاک ایران تعلقات پر تبادلہ خیال

اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیرنے وزیراطلاعات فواد چوہدری سے اہم ملاقات کی ہے جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وزیراطلاعات فواد چوہدری سے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے ان کے دفتر میں ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

 وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاک ایران ثقافت کے شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے، ایرانی سفیر نے فلم اور پروڈکشن کے شعبوں میں مشترکہ پروڈکشن پر زور دیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ پاک ایران ثقافت کے شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے، ثقافتی تبادلوں سے ایک دوسرے کی اقدار اور روایات کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔

وزیر اطلاعات نے ایرنی سفیر کے توسط سے ایرانی علماء کو رحمت اللعالمین کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول کے حوالے سے رحمۃ العالمین کانفرنس رواں ماہ 20 اور 21 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد کی جا رہی ہے۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ایران کی فلم انڈسٹری کا دنیا میں ایک اہم مقام ہے، دونوں ممالک کے درمیان ثقافت کے فروغ کیلئے پاکستان کی جانب سے ایرانی فلم اور ڈرامہ آرٹسٹوں کو پاکستان آنے کی دعوت دیتے ہیں، فنکاروں کے تبادلے سے فلم اور انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں آپسی تجربے سے استفادہ حاصل کیا جا سکے گا۔

ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایرانی سفیر مہدی ہنردوست نے بھی فلم اور پروڈکشن کے شعبوں میں مشترکہ پروڈکشن پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں میں میڈیا کے شعبوں میں بھی تعاون ضروری ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری