کراچی: اکتوبر میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں کمی


کراچی: اکتوبر میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں کمی

پاکستان میں آنے والی غیر ملکی سرمایہ کاری میں گرواٹ کا سلسلہ جاری ہے، اکتوبر میں بھی غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ 4 ماہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 46 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 55 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ اکتوبر میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 16 کروڑ 12 لاکھ ڈالر رہا۔

اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا اکتوبر غیر ملکی سرمایہ کاری میں 46 فیصد کی کمی ہوئی۔ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 60 کروڑ 7 لاکھ ڈالر رہا۔

اسی عرصے میں اسٹاک مارکیٹ سے 26 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کے سرمائے کا انخلا ریکارڈ کیا گیا جن میں سے لکسمبرگ اور امریکا کے سرمایہ کاروں نے اپنا سرمایہ نکالا۔

سب سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری چین سے آئی تاہم اس کا حجم بھی گزشتہ سال سے کم تھا۔ متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور جنوبی کوریا سے بھی نمایاں سرمایہ کاری آئی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری