سعود عرب کو خاشقجی قتل کیس کی بین الاقوامی سطح پر تحقیقات کا مطالبہ منظورنہیں: الجبیر


سعود عرب کو خاشقجی قتل کیس کی بین الاقوامی سطح پر تحقیقات کا مطالبہ منظورنہیں: الجبیر

سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر کا کہنا ہے کہ صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی بین الاقوامی سطح پر تحقیقات کا مطالبہ منظور نہیں ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ریاض میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ صحافی جمال خاشقجی کا قتل انتہائی بھیانک جرم ہے جس کی ملکی سطح پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خاشقجی قتل کیس کی عالمی سطح پر تحقیقات کا مطالبہ منظور نہیں ہے۔

الجبیر نے کہا کہ خاشقجی قتل کیس کی تحقیقات کے معاملے میں سعودی عرب نے عالمی سطح پر پابندیوں سے بچنے کے لیے تمام تر اقدامات اٹھائے۔

عادل الجبیر نے مزید کہا کہ خاشقجی قتل کا سیاسی مقاصد کے لیے استعمال اور سعودی عرب کے اندرونی معاملات میں مداخلت ناقابل قبول ہو گی۔

دوسری جانب ترک وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ جمال خاشقجی کیس میں سعودی پراسیکیوٹر کے بیان سے مطمئن نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی پراسیکیوٹر نے پہلےکہا تھا جمال خاشقجی کو واپس لانے کے لیے سعودیہ سے ٹیم بھیجی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی صحافی کو قتل کرنے کی چیزیں ساتھ ترکی لائی گئیں یعنی قتل طے شدہ منصوبہ تھا۔

ترک وزیر خارجہ نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ جمال خاشقجی قتل میں ملوث 15 رکنی سعودی ٹیم کا کیس ترکی میں چلنا چاہیے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کی دو تاریخ کو ترکی کے شہر استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے سے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں۔

سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ آل سعود اپنے کئے پر سخت پشیمان ہے اور کسی بھی طرح مزید رسوا ہونے سے بچنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

یاد رہے کہ آل سعود پر تنقید کرنے والے صحافی کو نہایت بے دردی اور وحشیانہ طریقے سے قتل کیا گیا تھا، ترک حکام کا کہنا ہے کہ صحافی کے زندہ زندہ ٹکڑے کئے گئے اور تیزاب میں تحلیل کردیا گیا۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری