امریکی سینیٹ نے آل خلیفہ کو 30کروڑ ڈالر مالیت کا اسلحہ فروخت کرنے کی منظوری دے دی


امریکی سینیٹ نے آل خلیفہ کو 30کروڑ ڈالر مالیت کا اسلحہ فروخت کرنے کی منظوری دے دی

امریکی سینیٹ نے بحرین کواسلحے کی فروخت روکنے سے متعلق تجویز کو مسترد کرتے ہوئے30کروڑ ڈالر مالیت کا اسلحہ فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے نے غیرملکی ذرائع کے حوالےسے بتایا ہے کہ ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے رینڈ پال کی مذکورہ تجویز پر ہونے والی رائے شماری میں تجویز کے خلاف 77 اور اس کے حق میں 21 ووٹ آئے۔رینڈ پال کی مخالفت کرنے والوں کا کہنا تھا کہ بحرین، امریکا کا ایک اہم حلیف ہے۔بحرین میں امریکا کا بحری فوجی اڈہ ہے اور واشنگٹن کو خطّے میں اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے اس کی ضرورت ہے۔

اس سے قبل بحرین کا یہ اعلان سامنے آیا کہ اس نے امریکی کمپنی بیل کے ساتھ 91.2 کروڑ ڈالر کے ایک سمجھوتے پر دستخط کیے ہیں۔ اس کے تحت بحرین مذکورہ کمپنی سے 12 عدد AH-1Z Viper ہیلی کاپٹر خریدے گا۔

اس بات کا اعلان بحرین کی رائل ایئرفورس کے کمانڈر شیخ حمد بن عبداللہ آل خلیفہ نے بحرین انٹرنیشنل ایوی ایشن کی نمائش کے ضمن میں منعقد ایک پریس کانفرنس میں کیا۔

 اس حوالے سے فضائیہ کے کمانڈر نے بتایا کہ اس سمجھوتے پر دستخط بحرین کے ولی عہد اور نائب سپریم کمانڈر شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ نے کیے۔

شیخ حمد کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر عالمی سطح پر جدید ترین شمار کیا جاتے ہیں جو بحرین کی فضائیہ کے لیے ایک بڑا اور اہم اضافہ ثابت ہوں گے۔

بحرین کی فضائیہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ امریکی کمپنی کے ساتھ دستخط کیے جانے والے سمجھوتے میں تربیت اور لوجسٹک خدمات کی فراہمی بھی شامل ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ بحرینی فضائیہ کے پاس اس وقت کوبرا ہیلی کاپٹر ہیں اور نئے ماڈل کی جانب تبدیلی کا عمل انتہائی آسان ہو گا۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری