ھفتہ وحدت کے آغاز پر وزیراعظم اور صدرکا قوم کے نام پیغام


ھفتہ وحدت کے آغاز پر وزیراعظم اور صدرکا قوم کے نام پیغام

صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے جشن ولادت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر الگ الگ پیغامات میں قوم کو مبارکباد دی ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے نے ریڈیوپاکستان کے حوالےسے بتایا ہے کہ  جشن ولادت نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ملک بھر میں شایان شان طریقے سے منایا جا رہا ہے اور ہر طرف مرحبا یا رسول اللہ ﷺ کی گونج ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ قوم کو آج پختہ عہد کرنا چاہیے کہ وہ اپنے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے صحیح معنوں میں سیرت طیبہ ﷺ کی پیروی کرے گی۔

ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے، جس سے دنیا میں اسلام کے تشخص کونقصان پہنچے۔

وزیراعظم عمران خان نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات کے مطابق اپنی صفوں میں اتحاد، رواداری، بھائی چارہ اور ہم آہنگی برقرار رکھیں۔

صدر عارف علوی نے جشن ولادت رسول ﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ انسانیت کی فلاح کا دارومدار حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونے میں ہے اور ریاست مدینہ کے پیش نظر ہمیں دینی، قومی اور اجتماعی مفادات کو ترجیح دینی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی سادگی، انصاف، رحمت، سخاوت اور تواضع کا درس اور ہمارے لیے کھلی کتاب کی صورت ہے۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ نے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو پوری انسانیت کے لیے کامل رہنما اور معلم بناکر بھیجا اور سرکار دوعالم کی تعلیمات سے زندگی کے ہر گوشے میں انقلاب برپا ہوگیا۔

انہوں نے دعا کی ماہ مبارک ہمارے لیے خیر و برکت کا باعث ہو۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے یوم ولادت پر تمام مسلمانوں کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمیں اسلام کے سنہری اصولوں کی یاد دلاتا ہے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ اس دن کا تقاضا ہے کہ مسلمانوں کے درمیان قربانی، رواداری، بھائی چارے اوراتحاد جیسی عظیم اقدار کو فروغ دیاجائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر نبی پاک ﷺ  کی تعلیمات اور اسلام کے احکامات کی پیروی میں ہی ہماری نجات اور ملک کی امن وترقی مضمر ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری