شہباز شریف کا 7 روزہ راہداری ریمانڈ منظور


شہباز شریف کا 7 روزہ راہداری ریمانڈ منظور

احتساب عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا 7 روزہ راہداری ریمانڈ دے دیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے شہباز شریف کو راہداری ریمانڈ کے لیے نیب عدالت میں پیش کیا گیا تو اس موقع پر شہباز شریف نے اپنی صفائی میں خود دلائل دیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مجھے جھوٹے کیسز میں ملوث کیا گیا، نیب حکام مجھے بلیک میل کرتے ہیں، مجھے بلڈ کینسر ہے اور چیک اپ بھی نہیں کروایا جا رہا۔

یاد رہے کہ آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار شہباز شریف کے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پروڈکشن آرڈر جاری کیے گئے ہیں۔

شہباز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر عدالت کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے جب کہ پولیس نے عدالت کی جانب جانے والے راستے کنٹینرز کھڑے کر کے بند کیے۔

سابق وزیراعلیٰ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو لاہور سے بذریعہ پی آئی اے پرواز اسلام آباد لے جایا جائے گا جہاں وہ قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

یاد رہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف شہباز شریف جسمانی ریمانڈ پر نیب کی حراست میں ہیں۔

نیب لاہور نے 5 اکتوبر کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا، تاہم اُن کی پیشی پر انہیں آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری