پاک فوج کے سربراہ نے 11 خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی


پاک فوج کے سربراہ نے 11 خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی

پاک فوج کے سپہ سالارجنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے 11 خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی۔

تسنیم خبررساں ادارے نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے حوالے سے بتایا ہے کہ سپہ سالارجنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے 11 خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی ہے۔

رپورٹ کے مطابق  یہ دہشت گرد پاک فوج سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں، عام شہریوں، تعلیمی اداروں اور اہم تنصیبات پر حملوں جیسے سنگین جرائم میں ملوث تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ دہشت گرد مجموعی طور پر پاک فوج کے 25 جوانوں سمیت 26 افراد کے قتل میں ملوث تھے، جبکہ ان کے حملوں کے نتیجے میں بڑی تعداد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اور شہری زخمی بھی ہوئے۔

دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا تھا اور فوجی عدالتوں میں ان پر باقاعدہ مقدمات چلے تھے جہاں انہیں سزائے موت سنائی گئی تھی۔

آرمی چیف کی جانب سے جن دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کی گئی ان میں انور سلام، عرفان الحق، صاحبزادہ، نادر خان، عزت خان، امتیاز احمد، امیر زیب، بادشاہ عراق، اظہار احمد، اکبر علی اور محمد عمران شامل ہیں۔

اس کے علاوہ سنگین جرائم میں مختلف سزائیں پانے والے دیگر 22 ملزمان کی بھی سزاؤں کی توثیق کی گئی۔

یاد رہے کہ رواں سال آرمی چیف مختلف مواقع پر دہشت گردی سمیت سنگین جرائم میں ملوث متعدد مجرمان کی سزائے موت کی توثیق کر چکےہیں۔

21ویں آئینی ترمیم کے تحت قائم ہونے والی فوجی عدالتوں کی جانب سے اب تک دہشت گردی میں ملوث کئی مجرمان کو سزائے موت سنائی جاچکی ہے اور ان میں سے بڑی تعداد کو آرمی چیف کی توثیق کے بعد تختہ دار پر لٹکایا بھی جاچکا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری