تحریک لبیک کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن جاری مزیدسیکڑوں رہنما گرفتار


تحریک لبیک کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن جاری مزیدسیکڑوں رہنما گرفتار

تحریک لبیک پاکستان کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن اور پکڑ دھکڑ جاری ہے اور 500 سے زائد رہنماؤں اور عہدے داروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، تحریک لبیک  کےسرکردہ عہدیداران اور کارکنوں کی گرفتاریوں کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں اور ملک بھر سے اب تک 500 سے زائد افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔

 تحریک لبیک کو کل 25 نومبر کو احتجاج سے روکنے کے لیے پارٹی کے سربراہ خادم حسین رضوی سمیت اہم رہنماؤں اشرف آصف جلالی اور پیر افضل قادری  کو رات گئے گرفتار کیا گیا تھا۔

مقامی ذرائع کے مطابق گرفتار شدگان میں مساجد کے ائمہ اور خطیب بھی شامل ہیں۔ پولیس کریک ڈاؤن کے بعد تحریک لبیک، سنی تحریک اور ان کی حامی مذہبی جماعتوں کے بہت سے سرگرم رہنما اور کارکنان روپوش ہوگئے ہیں۔

راولپنڈی، فیصل آباد، حیدرآباد، وزیرآباد، پتوکی، شور کوٹ، کوٹ رادھا کشن، رینالہ خورد، فیروزوالہ، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، عارف والا، سیالکوٹ، گجرات، کھاریاں، لالہ موسیٰ، جلالپور جٹاں میں بڑی تعداد میں ٹی ایل پی سے وابستہ افراد کی گرفتاریاں ہوئی ہیں۔ اسلام آباد سے گرفتار 100 کارکنان کو اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا ہے۔

احتجاج کے پیش نظر فیض آباد، سکستھ روڈ سمیت مختلف مقامات پر کنٹینرز لگانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں اور پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔

خیال رہے کہ  تحریک لبیک پاکستان نے 25 نومبر بروز اتوار کو اسلام آباد کے علاقے فیض آباد میں  تحفظ ناموس رسالت ﷺ جلسے کا اعلان کیا تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری