ڈاکٹر شاہد مسعود کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور


ڈاکٹر شاہد مسعود کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

اسلام آباد کی عدالت نے پی ٹی وی کرپشن کیس میں گزشتہ روز گرفتار کیے گئے سابق ایم ڈی پاکستان ٹیلی ویژن ڈاکٹر شاہد مسعود کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، عدالت کے حکم پر ڈاکٹر شاہد مسعود کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا، عدالت نے ایف آئی اے سے ڈاکٹر شاہد مسعود کو 28 نومبر کو دوبارہ سامنے پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔

اس سے قبل ڈاکٹر شاہد مسعود کے وکیل شاہ خاور نے ملزم کے طویل جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی کہ 24گھنٹے کا ریمانڈ کافی ہے، اس سے زیادہ نہ دیا جائے۔

جج نے ایف آئی اے حکام سے استفسارکیا کہ کیا آپ نے انکوائری کر لی ہے؟

ایف آئی اے حکام نے جواب دیا کہ ملزم نے خود سرینڈر نہیں کیا تھا کافی چیزیں باقی ہیں۔

سینئر سول جج نے سوال کیا کہ کیا یہ ان کا پہلا ریمانڈ ہے یا اس سے پہلے بھی لیا گیا ہے؟

ایف آئی اے حکام نے جواب دیا کہ پہلا ریمانڈ ہے، ملزم کو کل ضمانت خارج ہونے پر ہائی کورٹ سے گرفتار کیا گیا ہے۔

پی ٹی وی کے وکیل نے کہا کہ ہائی کورٹ نے ملزم کے حوالے سے کچھ ہدایات دی ہیں ان کو بھی دیکھ لیں۔

پی ٹی وی کے وکیل نے ہائیکورٹ کے ریکارڈ کی دستاویز بھی عدالت میں پیش کر دیں۔

جج نے پوچھا کہ کیا کوئی ایسا ریکارڈ بھی ہے جو آپ نے ابھی اکٹھا کرنا ہے؟

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی وی کرپشن کیس میں اینکر پرسن ڈاکٹر شاہد مسعود کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی جس کے بعد انہیں ایف آئی اے نے عدالت کے باہر سے گرفتار کرلیا تھا۔

خیال رہے کہ شاہد مسعود پر بطور ایم ڈی پی ٹی وی جعلی کمپنی کے ساتھ کرکٹ میچز کا نشریاتی حقوق کا معاہدہ کرنے کا الزام ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری