شہید اہلکاروں کے ورثا کوہر چینی ایک یوآن عطیہ کرے گا


شہید اہلکاروں کے ورثا کوہر چینی ایک یوآن عطیہ کرے گا

پاکستان میں چین کے ڈپٹی چیف آف مشن لی جین ژؤ نے اعلان کیا ہے کہ کراچی میں قائم چینی قونصل خانے میں شہیدہونے والے پولیس اہلکاروں کے اہلِ خانہ کے لیے ہر چینی شہری ایک یوآن عطیہ کرے گا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ساتھ عطیات جمع کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لی جین ژؤ نے کہا کہ چینی شہریوں کی جانب سے کراچی میں دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنانے والے پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بعض چینیوں نے شہید اہلکاروں کے اہل خانہ کے لیے پورے ماہ کی تنخواہ دے دی جبکہ ہر چینی شہید اہلکاروں کے اہلِ خانہ کے لیے ایک یوآن عطیہ کرے گا۔

خیال رہے کہ ایک یوآن کی قدر 19 روپے سے زائد کے برابر ہے اور اس مہم میں 27 ارب روپے سے زائد جمع ہونے کی امید کی جارہی ہے۔

لی جین ژؤ کا کہنا تھا کہ عطیات دینے والے افراد کا ماننا ہے کہ پاک چین دوستی صرف باتوں کی حد تک نہیں بلکہ اس کی جڑیں دونوں ممالک کے عوام کے دل میں موجود ہیں۔

چینی عہدیدار کا کہنا تھا کہ وہ دہشت گردوں کو پیغام دینا چاہیں گے پاک چین دوستی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔

ڈپٹی چیف آف مشن لی جین ژو نے کہا کہ یہ تقریب پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کی جانب سے رضاکارانہ طور پر منعقد کی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ’ وہ (چینی شہری) ان پولیس اہکاروں سے محبت کے لیے اظہار کے لیے یہاں موجود ہیں جنہوں نے کراچی میں قائم چینی قونصلیٹ حملے میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا‘۔

لی جین ژو کا مزید کہنا تھا کہ ’ وہ ( چینی شہری) قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حکومت کی جانب سے چینی باشندوں سے محبت پر شکریہ ادا کرنا چاہتے تھےتھے‘۔

انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے پر وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا شکریہ بھی ادا کیا، ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سے پاکستانی حکومت کے اقدام سے منسلک اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے‘۔

یاد رہے کہ 23 نومبر کو کراچی کے علاقے کلفٹن میں دہشت گردوں نے چینی قونصل خانے پر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی، جسے ناکام بنا دیا گیا تھا۔

اس حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے۔

سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے بروقت کارروائی کی گئی اور حملہ کرنے والے تینوں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا تھا۔

جس کے بعد گزشتہ روز لی جین ژؤ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کیا اور چین میں پاکستان کے شہید اہلکاروں کے لیے فنڈنگ سے متعلق آگاہ کیا تھا۔

انہوں نے بتایا تھا کہ چین میں بڑی جوش و خروش کے ساتھ شہید پاکستانی اہلکاروں کے لیے فنڈز جمع کیے جارہے ہیں جو دل کو چھونے والا عمل ہے۔

اپنے ایک پیغام میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چینیوں کی پاکستانی اہلکاروں کے لیے فنڈنگ یہ ظاہر کرتی ہے کہ پاک چین دوستی آسمان سے اونچی اور سمندر سے گہری ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کہ دشمن زخم لگاتا رہے گا لیکن چین کے ساتھ ہمارا رشتہ چلتا رہے گا،حکومت چین کے ساتھ بہت قریبی رشتے میں بندھی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پوری دنیا کو نظرآرہا ہےکہ کون ساملک دہشت گردوں کوکچل رہا ہےاور کون مدد کررہا ہے، صاف ظاہر ہے کہ حملے کے پیچھے بیرونی ہاتھ ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ قونصلیٹ پر حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لیے چین سے فنڈ ریزنگ کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا سے چینی باشندے شہدا کے لیے فنڈز بھیج رہے ہیں،چینی برادری نے درد محسوس کیا اور وہ آگے بڑھے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ چین کے ساتھ بڑھنے والا معاشی رشتہ بہت سے لوگوں کو کھٹکتا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری