سید احمد رضوی ایک بارپھر جامعہ روحانیت بلتستان کے صدرمنتخب


سید احمد رضوی ایک بارپھر جامعہ روحانیت بلتستان کے صدرمنتخب

سیداحمد رضوی جامعہ روحانیت بلتستان کے پانچویں صدارتی انتخابات میں ایک بار پھرصدر منتخب ہوئے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے مقدس شہرقم میں جامعہ روحانیت بلتستان کے صدارتی انتخابات کا انعقاد کیا گیا جس میں سیداحمد رضوی ایک بارپھربھاری اکثریت سے صدر منتخب ہوئے۔

جامعہ روحانیت بلتستان کے صدر اور اراکین مجلس کے انتخابات 23 نومبر بروز جمعہ بمطابق 15 ربیع الاول صبح 8بجے سے شام 8 بجے تک امام بارگاہ بلتستانیہ قم میں منعقد ہوئے،جس میں بلتستان کے 90 فیصد علما و طلاب نے شرکت کی اور ووٹ کاسٹ کیا۔

جامعہ روحانیت الیکشن کمیشن کے ترجمان غلام محمد شاکری کا کہناہے کہ صدارتی انتخابات میں کل 6امیدوار تھے جن میں سے تین امیدوار انتخابات سے قبل دستبردار ہوئے، جس کے نتیجے میں صدارتی انتخابات کے لئے مقابلہ حجۃ الاسلام سید احمد رضوی، حجۃ الاسلام شیخ محمد حسین حیدری اور حجت الاسلام شیخ کاشف رضوانی کے مابین ہوا۔

سید احمد رضوی 359 ووٹ لیکر ایک بارپھر دوسال کے لئے جامعہ روحانیت بلتستان کے صدر منتخب ہوئے۔

مجلس عاملہ روحانیت کے لیے کل 47 امیدواروں نے حصہ لیاجن میں سے 25 افراد دوسال کے لئے جامعہ روحانیت کی مجلس کے رکن منتخب ہوئے۔

واضح رہے کہ جامعہ روحانیت کے آئین کے مطابق اجرائی کاموں کا مکمل اختیارات صدر کے پاس ہوتا ہے جبکہ مجلس عاملہ صدر اور ان کی کابینہ کی کارکردگی پر نگرانی اور لانگ ٹرم پلان تیار کرتی ہے اور قوانین پاس کرنے کا اختیار اراکین مجلس کے پاس ہوتا ہے۔

حجت الاسلام و المسلمین سید احمد رضوی نے میلاد رسول اکرمؐ اور امام صادق کے پرمسرت موقع پرایک عظیم اجتماع کے سامنے حلف اٹھایا۔

 جامعہ روحانیت کے نومنتخب صدرنے تقریب حلف برداری کے بعد مختصرخطاب کرتےہوئے کہا کہ جامعہ روحانیت بلتستان، قم میں موجود تمام پاکستانی طلاب اور زائرین کی مشکلات کےحل کےلیے ہمہ وقت کوشش کرتی ہے۔

انہوں نے طلاب کے عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ طالبعلموں کی اولین اور آخرین ذمہ داری حصول علم ہے تاکہ علم کی روشنی سے مملکت خداداد پاکستان کو منورکرسکیں اور علمی میدان میں ملک کو درپیش چیلنجز کا سامنا کرسکیں۔

خیال رہے کہ جامعہ روحانیت بلتستان، بلتستان سے تعلق رکھنے والے طلاب کی ایک تنظیم ہے جو کہ پاکستان میں فلاحی اور تعلیمی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری