پیپلزپارٹی کا 51واں یوم تاسیس، بلاول بھٹو جلسہ عام سے خطاب کریں گے


پیپلزپارٹی کا 51واں یوم تاسیس، بلاول بھٹو جلسہ عام سے خطاب کریں گے

پیپلزپارٹی کے 51ویں یوم تاسیس پر سکھر میں تاریخی پاور شو کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، بلاول بھٹو یوم تاسیس پر جلسے سے خطاب کریں گے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پیپلزپارٹی کے آج ہونے والے 51 ویں یوم تاسیس کے موقع پر جلسے کے انتظامات سکھر اسپورٹس کمپلیکس کے سامنے کیے گئے ہیں، رہنما پیپلزپارٹی خورشید شاہ نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس پر سکھر شہر کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے، ملک بھر سے پیپلزپارٹی کی قیادت، تنظیمی عہدیدار اور ورکرز شریک ہوں گے۔

یوم تاسیس کے سلسلے میں ایس ایس پی سکھر نے سیکیورٹی پلان جاری کردیا، جلسے میں 2 ہزار 350 افسران و پولیس کے جوان تعینات کیے جائیں گے، جلسے کی سیکیورٹی کے لیے ایس ایس پی سکھر، ایس ایس پی سی ٹی ڈی تعینات ہوں گے، ایس ایس پی ایس آر پی سمیت 6 ایس ایس پیز تعینات کیے جائیں‌ گے۔

ایس ایس پی سکھر کے مطابق 24 ڈی ایس پیز، 202 انسپکٹرز اور سب انسپکٹرز تعینات ہوں گے، 2120 پولیس اہلکاروں سمیت 100 لیڈیز پولیس اہلکار بھی تعینات ہوں گے، جلسہ گاہ کے شرکا کی تین جگہوں پر جامہ تلاشی لی جائے گی۔

اے آر وائی کے مطابق جلسے کے لیے ایک گیٹ وی آئی پیز، 2 گیٹ جیالوں اور ایک گیٹ خواتین کے لیے مختص کیا گیا ہے، پولیس اسپیشل کمانڈوز بھی جلسے کے دوران پیٹرولنگ کے فرائض انجام دیں گے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری