کراچی: روپے کی قدر میں کمی، صدر مملکت کی عوام کو مقامی اشیا خریدنے کی تجویز


کراچی: روپے کی قدر میں کمی، صدر مملکت کی عوام کو مقامی اشیا خریدنے کی تجویز

صدر مملکت عارف علوی نے حالیہ دنوں میں ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں کمی پر ملک کی عوام کو تجویز دی ہے کہ وہ مقامی طور پر تیار کردہ اشیا کی خریداری کریں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ 'اگر آپ اپنی روز مرہ کی ضرورت کی اشیا کو دیکھیں گے تو معلوم ہوگا کہ اس میں متعدد درآمدی اشیا شامل ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ وہ کام ہے جو ہمیں مشترکہ طور پر کرنا ہے'۔

اس سے قبل 30 نومبر کو وفاقی دارالحکومت میں پاکستان میں چین کے اشتراک سے آٹو مینوفیکچرننگ یونٹ کے قیام سے متعلق منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ روپے کی قدر میں کمی سے گھبرانے کی ضرورت نہیں کچھ دنوں میں سب ٹھیک ہوجائے گا۔

اسی روز انٹربینک مارکیٹ میں روپے کی قدر میں بدترین کمی سے امریکی ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح142 روپے کو چھونے کے بعد اسٹیٹ بینک کی مداخلت کے بعد واپس 137 روپے 70 پیسے پر آگیا تھا۔

اس حوالے سے ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ظفر پراچہ نے ڈان نیوز کو بتایا تھا کہ روپے کی قدر میں اچانک کمی نے مارکیٹ میں بے چینی کی صورتحال پیدا کردی کیونکہ ٹریڈرز امید کر رہے تھے کہ اوپن مارکیٹ 143 سے 144 کے درمیان کھلے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ روپے کی قدر میں یہ کمی حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان ہونے والے حالیہ مذاکرات کا نتیجہ ہوسکتی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ یہ بیل آؤٹ پیکج کے لیے آئی ایم ایف کی شرائط کا تسلسل ہے۔

خیال رہے کہ رواں سال اکتوبر میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کے پاس جانے کے فیصلے کے بعد بھی ڈالر کی قدر میں بہت زیادہ اضافہ دیکھا گیا تھا اور ڈالر کی قدر 141 روپے تک جا پہنچی تھی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری