امریکی ایلچی کی شاہ محمود سے ملاقات، افغان امور پر تبادلہ خیال


امریکی ایلچی کی شاہ محمود سے ملاقات، افغان امور پر تبادلہ خیال

امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے دورہ پاکستان کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے افغانستان میں قیام امن کے بارے میں تبادلہ خیال کیاہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق ملاقات میں امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ کو افغانستان امن عمل میں پاکستان کے تعاون کے حصول کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کو لکھے گئے خط کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے زلمے خلیل زاد کو یقین دہانی کروائی کہ پاکستان، افغانستان کے سیاسی حل کے لیے خلوصِ نیت کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں قیام امن پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے، شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے تعاون کے حصول کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پیغام کا خیرمقدم کیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تعینات ہونے کے بعد سے اب تک یہ زلمے خلیل زاد کا پاکستان کا دوسرا سرکاری دورہ ہے۔

زلمے خلیل زاد آج (منگل کو ) 17 سال سے افغانستان میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے سلسلے میں مدد کے لیے اسلام آباد پہنچے تھے۔

وہ پاکستان میں اپنے دوسرے سرکاری دورے میں افغانستان میں امن کے قیام کے لیے طالبان کو راضی کرنے کے سلسلے میں اعلیٰ سیاسی و عسکری حکام سے ملاقات کریں گے۔

زلمے خلیل زاد کی آمد سے متعلق وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ افغان مفاہمتی عمل کے مندوب ایسے وقت میں اسلام آباد پہنچے ہیں جب ایک روز قبل امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے وزیرِاعظم عمران خان کو خط لکھا تھا’ جس میں انہوں نے افغان تنازع کا حل نکالنے کے لیے اسلام آباد سے مدد کی درخواست کی تھی۔

واضح رہے کہ افغانستان میں جاری جنگ کے پرامن خاتمے کی کوشش کے تحت زلمے خلیل زاد پاکستان کے علاوہ افغانستان، روس ، ترکمانستان، بیلجیئم، متحدہ عرب امارات اور قطر بھی جائیں گے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری