پاکستانی فوجی دستے اقوام متحدہ کے امن مشن کے تحت قبرص میں تعینات


پاکستانی فوجی دستے اقوام متحدہ کے امن مشن کے تحت تعیناتی کے لئے قبرص کے دارالحکومت پہنچ گئے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پاکستانی فوجی دستے میں شامل وارنٹ آفیسر ندیم قادر نے نکوسیا میں یونائیٹڈ نیشنز فورس ان سائپریس کے ہیڈکوارٹر میں منعقدہ تقریب کے دوران پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرایا۔

پاکستانی فوجی دستے یونائیٹڈ نیشنز فورس ان سائپریس (یو این ایف آئی سی وائی پی) کا حصہ ہیں۔

 اس موقع پر اپنی گفتگو میں ندیم قادر نے بتایا کہ پاکستان سے مزید سکیورٹی اہلکار جلد اس مشن میں شامل ہوں گے۔

واضح رہے کہ اس مشن کا قیام یونانی اور ترک قبرص آبادی کے درمیان لڑائی روکنے کے لئے 1964ءمیں عمل میں لایا گیا تھا اور دس سال بعد 1974ءمیں اس میں توسیع کی گئی تھی۔

پاکستان کا شمار اقوام متحدہ کے امن مشن کے لئے افرادی قوت فراہم کرنے والے بڑے ممالک میں ہوتا ہے اور اس وقت پاکستان کے 8,230 سیکورٹی اہلکار دنیا کے مختلف حصوں میں ان مشنز کے تحت تعینات ہیں۔